پٹنہ 6جون:لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے جمعہ کے روز بہار میں نظام قانون کی حالت پر ریاست کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو ہدف تنقید بنایا۔ انھوں نے نتیش کمار کی قیادت والی این ڈی اے حکومت کی تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ کبھی امن و انصاف کی زمین مانا جانے والا بہار اب ہندوستان کا کرائم کیپٹل بن گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’بی جے پی اور نتیش جی نے بہار کو علم کی زمین سے گرا کر ہندوستان کا کرائم کیپٹل بنا دیا ہے۔‘‘ نتیش کمار کے آبائی ضلع نالندہ کے راجگیر میں ’سنویدھان سرکشا سمیلن‘ (تحفظ آئین اجلاس) کو خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے وزیر اعظم مودی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ فوجی جنگ کے دوران ہندوستان اور پاکستان کے درمیان امن قائم کرنے سے متعلق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے دعووں پر پی ایم مودی نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’ٹرمپ کی طرف سے ایک فون کال آیا اور نریندر مودی جی نے فوراً سرینڈر کر دیا۔ ٹرمپ نے خود کم از کم 11 مرتبہ عوامی طور سے اس بارے میں (جنگ بندی کے بارے میں) کہا ہے۔ لیکن وزیر اعظم (مودی) اس معاملے میں خاموش ہیں۔
بدنام زمانہ سروج سنگھ سمیت پانچ بدمعاش گرفتار
سمستی پور، 06 جون (یو این آئی) اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) نے جمعہ کو بہار میں سمستی پور ضلع کے محی الدین نگر تھانہ علاقہ کے سلطان پورمشرقی گاؤں میں واقع ایک معطل پولیس اہلکار اور بدنام زمانہ سروج سنگھ کے گھر پر چھاپے ماری کی اور اے کے 47 سمیت ہتھیاروں کا بڑا ذخیرہ برآمد کیا اور بدنام زمانہ سروج سنگھ سمیت پانچ مجرموں کو گرفتار کیا ہے۔