بھوپال، 03 جون (یواین آئی) لوک سبھا کے اپوزیشن رہنما راہل گاندھی نے آج اپنے بھوپال دورے کے دوران پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کو ریاست میں مضبوط اور ضلعی کانگریس کمیٹیوں کو طاقتور اور جوابدہ بنانے کا پیغام دیا۔کانگریس میڈیا ڈپارٹمنٹ کے سربراہ مکیش نائیک نے پارٹی کی مختلف میٹنگ کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ سیاسی امور کی کمیٹی کی میٹنگ میں راہل گاندھی نے واضح پیغام دیا کہ ضلعی کانگریس کمیٹیوں کو طاقتور بنایا جائے گا۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی (اے آئی سی سی) کے مبصرین اور ریاست کے مبصرین مل کر مشترکہ طور پر وقت دے کر اس عمل کو غیر جانبداری سے مکمل کریں گے اور اس پورے انتخابی عمل کو مکمل کرنے میں کسی کے ذاتی مفادات سے زیادہ اہم پارٹی کے مفادات کو پورا کرنا ہوگا۔ اس نظریہ سے صحیح شخص کو صحیح جگہ پر رکھنا اس پورے عمل کا مقصد ہوگا۔انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی نے کہا کہ لوک سبھا اور اسمبلی سے لے کر دیگر اداروں میں امیدواروں کے انتخاب میں ضلعی کانگریس کمیٹی کا کردار اہم بنایا جائے گا۔ جب ضلعی یونٹ کو اتنی طاقت دی جائے گی تو ضلعی کانگریس کی جوابدہی اور ذمہ داریوں کو بھی طے کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی اور ریاستی سطح کے دونوں مبصرین کی مشترکہ شرکت کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہیں تربیت سے بھی جوڑا جائے گا۔ تنظیم سازی کا مقصد کانگریس کو مضبوط کرنا ہے۔ بلاک کانگریس کمیٹی سے لے کر سیکٹر، وارڈ اور پنچایت کانگریس کمیٹی کا بھی قیام ہوگا اور اعلیٰ سطح پر اس عمل کو نافذ کیا جائے گا تاکہ الیکشن لڑتے وقت پارٹی کے پاس ایک مضبوط تنظیم ہو، جو قومی مسائل اور کانگریس کے نظریے کو عوام کے سامنے رکھ سکے اور بی جے پی کی آنکھوں میں دھول جھونکنے” کے عمل کا منہ توڑ جواب دے سکے۔