پریاگ راج26مئی:متھرا کے شری کرشنا جنم بھومی شاہی عیدگاہ مسجد معاملے میں الہ آباد ہائی کورٹ نے زیر التواء مقدمات کو الہ آباد ہائی کورٹ میں ٹرانسفر کرنے کا حکم دیا ہے۔ 3 مئی کو الہ آباد ہائی کورٹ نے سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔ الہ آباد ہائی کورٹ نے مقدمات کو ٹرانسفر کرنے کی مانگ کے لیے دائر کی گئی عرضی کو قبول کرنے کے بعد یہ حکم دیا ہے۔ ہائی کورٹ نے ڈسٹرکٹ جج متھرا کو تمام زیر التوا مقدمات کو ہائی کورٹ ٹرانسفر کرنے کا حکم دیا، جس کے بعد اب اس معاملے میں زیر التواء تمام مقدمات کی سماعت الہ آباد ہائی کورٹ میں کی جائے گی۔ آپ کو بتا دیں کہ لارڈ شری کرشنا ویراجمان اور دیگر 7 افراد کی جانب سے متھرا کی عدالت میں زیر التوا مقدمات کو ہائی کورٹ ٹرانسفر کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک عرضی دائر کی گئی تھی۔
مدعا علیہ فریقین (یو پی سنی سنٹرل وقف بورڈ، کمیٹی آف مینجمنٹ ٹرسٹ، شاہی مسجد، متھرا، شری کرشنا جنم بھومی ٹرسٹ، اور شری کرشنا جنم استھان سیوا سنستھان) نے عدالت میں اپنا جواب داخل کر چکے ہیں۔ لارڈ شری کرشنا ویراجمان اور دیگر 7 افراد کی جانب سے سینئر ایڈوکیٹ ہری شنکر جین، ایڈوکیٹ وشنو شنکر جین، پربھاش پانڈے اور پردیپ کمار شرما کے ذریعے دائر کی گئی ٹرانسفر کی عرضی میں کہا گیا ہے کہ اس معاملے میں ملوث مسائل لارڈ شری کرشنا کے کروڑوں بھکتوں سے متعلق ہے اور یہ معاملہ قومی اہمیت کا حامل ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ تمام مقدمات کو ایک ہی عدالت میں ٹرائل کے لیے ٹرانسفر کیا جائے۔ سماعت کے بعد جسٹس اروند کمار مشرا اول کی سنگل بنچ نے یہ حکم دیا۔