بھوپال، 28 جنوری: 76ویں یومِ جمہوریہ کے موقع پر مولانا برکت اللہ بھوپالی ایجوکیشن اینڈ سوشل سروس سوسائٹی کے زیرِ اہتمام چلنے والے برکت اللہ پبلک ہائر سیکنڈری اسکول گاندھی نگر بھوپال میں پورے جوش و خروش کے ساتھ یومِ جمہوریہ منایا گیا۔ سب سے پہلے صبح اسکول کے طلباء و طالبات کے ذریعے گاندھی نگر بھوپال میں ترنگا ریلی کا انعقاد کیا گیا، ریلی کے اختتام پر اسکول کے بانی و سوسائٹی کے صدر حاجی محمد ہارون کے ذریعہ پرچم کشائی کی گئی۔ پرچم کشائی کے بعد اُنھوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ بچے ہمارے ملک کا مستقبل ہیں اور ملک کے مستقبل کو بہتر بنائے جانے کے لیے ضروری ہے کہ اسکول کے اساتذہ اور بچوں کے سرپرست اُن کو صحیح تعلیم و تربیت اور معلومات دیں۔ جس سے ہمارے ملک کا مستقبل روشن ہوسکے۔ طلباء و طالبات کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ زندگی میں کچھ بڑا کرنے کے لیے کڑی محنت ضروری ہے، اِس کے لیے بچوں کو ہر حال میں اپنے مستقبل کو سنوارنے کے لیے کڑی محنت کرنا چاہئے جس سے وہ اپنا اور ملک کا مستقبل سنوار سکیں۔
اِس موقع پر جلسہ کو اسکول کی پرنسپل سمیت دیگر اساتذہ نے بھی خطاب کیا۔ ساتھ ہی اسکول کے طلباء و طالبات نے اپنی بہترین پیشکش دیں۔ پروگرام میں اسکول کے طلباء و طالبات، اساتذہ و بچوں کے والدین موجود تھے۔ پروگرام کی نظامت سوسائٹی کے سکریٹری حاجی حنیف ایوبی نے فرمائی اور آخر میں سبھی موجود حضرات کا اظہارِ تشکر کیا۔