پٹنہ 15جنوری: مکر سنکرانتی کے ساتھ ہی بہار میں سیاسی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔ تہوار کے موقع پر پٹنہ میں کئی سیاسی پارٹیوں کی طرف سے چوڑا-دہی بھوج کا اہتمام کیا گیا جس میں مختلف پارٹیوں کے رہنماؤں نے شرکت بھی کی۔ اس دوران سیاسی ماحول کو دیکھتے ہوئے لوگوں میں قیاس آرائیوں کا بازار گرم رہا۔ حالانکہ رہنماؤں کی طرف سے کہا جا رہا ہے کہ یہ کوئی سیاسی ملاقات نہیں ہے بلکہ اس کا مقصد صرف تہوار کے موقع پر اہتمام کیے جانے والے بھوج میں شرکت کرنا ہے جو کئی برسوں سے چلا آ رہا ہے۔ اس سلسلے میں راشٹریہ لوک جن شکتی پارٹی (آر ایل جے پی) کے صدر اور سابق مرکزی وزیر پشوپتی کمار پارس بھی بدھ کو پٹنہ کے کوٹلیہ نگر میں دہی-چوڑا بھوج کا اہتمام کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس دعوت میں شرکت کے لیے آر جے ڈی کے قومی صدر لالو پرساد یادو کو دعوت دی ہے۔ پشو پتی پارس نے منگل کو رات 9 بجے ان کی رہائش پر جا کر لالو پرساد، سابق وزیر اعلیٰ رابڑی دیوی اور حزب اختلاف کے رہنما تیجسوی پرساد یادو سے ملاقات کی اور بھوج میں آنے کے لیے مدعو کیا۔ آر ایل جے پی کے قومی ترجمان شرون کمار اگروال نے اس سلسلے میں جانکاری فراہم کی۔