نئی دہلی 13جنوری: مرکزی حکومت نے سڑک حادثہ میں زخمی ہوئے شخص کو فوری طور پر اسپتال پہنچانے کا عمل انجام دینے والوں کو انعامی رقم دینے کا اعلان تو پہلے ہی کر رکھا تھا، اب انعامی رقم کو بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پہلے یہ رقم 5000 روپے تھی جسے بڑھا کر 25 ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔ مرکزی وزیر برائے ٹرانسپورٹیشن و شاہراہ نتن گڈکری نے یہ جانکاری پونے میں ایک تقریب کے دوران دی۔ بالی ووڈ اداکار انوپم کھیر نے اس موقع پر نتن گڈکری کا انٹرویو کیا اور کچھ اہم سوالات ان کے سامنے رکھے۔ ان سے سوال کیا گیا کہ ہم سڑک حادثات کو لے کر سنجیدہ کیوں نہیں ہیں؟ جواب میں نتن گڈکری نے کہا کہ اگر کبھی کبھار کچھ ہوتا ہے تو ہم اس معاملے کو لے کر سنجیدہ ہو جاتے ہیں۔ لیکن جب روزانہ کچھ ہونے لگتا ہے تو ہمیں سب معمول کے مطابق لگنے لگتا ہے۔ ایسے میں اگر ان حادثات کو روکنا ہے تو تنہا ہم کچھ نہیں کر سکتے۔ اس کے لیے اسکول، کالج، این جی او، کھلاڑیوں، مشہور ہستیوں اور دیگر لوگ جب جا جا کر لوگوں کو سمجھائیں گے تب تبدیلی آئے گی۔ انوپم کھیر نے نتن گڈکری کے سامنے نمبر پیش کرتے ہوئے کہا کہ 474 لوگ روزانہ سڑک حادثات میں زندگی گنوا رہے ہیں۔ ہم ان تعداد کو لے کر بہت بے حس ہو گئے ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ اگر موت کی شرح نہیں بڑھے گی تو لوگوں کی نظر میں یہ معاملہ نہیں آئے گا۔ اس پر گڈکری نے کہا کہ ’’کووڈ، فسادات یا جنگ میں اتنی تعداد میں لوگوں کی موت نہیں ہوئی جتنی کہ سڑک حادثات میں ہوتی ہے۔ بیشتر مہلوکین کی عمر 18 سے 34 سال کے درمیان ہوتی ہے۔