نئی دہلی 20جنوری:آج ’پردھان منتری راشٹریہ بال پُرسکار 2024‘ کا اعلان کر دیا گیا۔ اس مرتبہ مجموعی طور پر 19 بچوں کو یہ ایوارڈ دیا جائے گا۔ موصولہ اطلاع کے مطابق 22 جنوری کو صدر جمہوریہ دروپدی مرمو وگیان بھون میں منعقد تقریب کے دوران ان سبھی بچوں کو اعزاز سے نوازیں گی۔ ان سبھی 19 ہونہار بچوں سے وزیر اعظم نریندر مودی 23 جنوری یعنی منگل کے روز بات چیت بھی کریں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ’پردھان منتری راشٹریہ بال پُرسکار 2024‘ کے لیے 18 ریاستوں و مرکز کے زیر انتظام خطوں سے 9 لڑکوں اور 10 لڑکیوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔ ان میں اشفاق حامد (جموں و کشمیر) اور محمد حسین (بہار) کا نام بھی شامل ہے۔ اعزاز حاصل کرنے والے سبھی 19 بچوں کے بارے میں یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ وہ 26 جنوری کو دہلی میں منعقد ہونے والے یوم جمہوریہ پریڈ میں بھی شامل ہوں گے۔ قابل ذکر ہے کہ ’پردھان منتری راشٹریہ بال پُرسکار‘ اس بار 6 زمروں میں دیے جا رہے ہیں۔

وہ زمرے ہیں آرٹ اینڈ کلچر، بہادری، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، سوشل سروس، اسپورٹس اور اینوویشن۔ آرٹ اینڈ کلچر سے 7، بہادری سے 1، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے 1، سوشل سروس سے 4، اسپورٹس سے 5 اور اینوویشن زمرہ سے 1 بچے کا انتخاب کیا گیا ہے۔ اس ایوارڈ کا مقصد 5 سے 18 سال کی عمر کے بچوں کی غیر معمولی صلاحیتوں کو پہچاننا اور ان کا حوصلہ بڑھانا ہے۔