کھڑگے نے مانا ہم پانڈو ہیں اور وہ کورو: شیوراج

0
18

بڑوانی، 8 نومبر (یو این آئی) مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ نے آج کہا کہ  آخر کار کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے قبول کر لیا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی پانڈو ہے اور کانگریس کورو ہے۔انہوں نے کہا کہ اب یہ لڑائی حق اور ناحق کے درمیان ہو گئی ہے۔بڑوانی ضلع کے پانسیمل میں بی جے پی امیدوار شیام برڈے کے حق میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے، مسٹر چوہان نے کہا کہ کانگریس صدرمسٹر کھڑگے نے بھارتیہ جنتا پارٹی کو پانچ پانڈو کہا، جس کا مطلب سیدھا ہے کہ انہوں نے قبول کر لیا ہے کہ کانگریس کورو ہے۔ پانڈو انصاف کی لڑائی لڑتے تھے، جبکہ کورو خود غرضی کی۔ اب یہ لڑائی پانڈووں کورووں یعنی حق اورناحق  کے درمیان ہو گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ مہابھارت میں صرف ایک دھرت راشٹر تھے ، لیکن کانگریس میں دو دوہیں۔ انہوں نے سابق وزرائے اعلیٰ کمل ناتھ اور دگ وجئے سنگھ کا نام لیتے ہوئے کہا کہ ان دونوں کو اپنے اپنے بیٹوں سے مطلب ہے۔ دونوں اپنے اپنے بیٹوں کو مدھیہ پردیش میں قائم کرنے کے لیے  چکی کے پاٹ  ہو گئے ہیں اور کانگریس ان دونوں ٹکڑوں کے درمیان پس رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ دھرت راشٹر والی  کانگریس کبھی بھی الیکشن نہیں جیت سکتی۔انہوں نے کہا کہ وہ نرمدا کا پانی پورے علاقے میں پہنچا رہے ہیں۔ دوسری طرف کانگریس کے پاس پانی نہیں بچا تو وہ کسانوں کو پانی کہاں سے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ وہ اپنی بہنوں اور بیٹیوں کو دیوی سمجھ کر ان کی پوجا کرتے ہیں اور ان کے پاؤں دھوتے ہیں اور اس کے برعکس کانگریس ان پر طنز کرتے ہوئے اسے ڈرامہ سمجھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمل ناتھ خواتین کو ’آئٹم‘ اور دگ وجے سنگھ ’ٹنچ مال‘کے طور پر مخاطب کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا اور کانگریس لیڈروں کا نظریہ بالکل مختلف ہے۔انہوں نے کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کے آج اندور دورے کے بارے میں کہا کہ وہ ملک کے سب سے صاف ستھرے شہر اندور میں جھوٹ کا کوڑا پھیلانے آرہی ہیں۔ کانگریس ان دونوں بھائی بہنوں کو جھوٹ بولنا سکھاتی ہے۔انہوں نے اپنے بارے میں کہا کہ کانگریس لیڈر سوچتے ہیں کہ یہ ڈیڑھ ہڈی کا آدمی کہاں سے آیا اور اس کی وجہ سے ہماری  دال نہیں گلتی۔ انہوں نے کہا کہ ان کے  شرادھ کا پوسٹ بھی لگا دیا گیا، لیکن کانگریس والوں کو یہ بات ذہن میں رکھنی چاہیے کہ وہ (مسٹر چوہان خود) راکھ کے ڈھیر سے بھی کھڑے ہو جائیں گے۔  انہوں نے خواتین اور بیٹیوں کے لیے اسکیموں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے کانگریس کی طرف سے پھیلائے گئے جھوٹ کے برعکس لاڈلی بہنا کا پیسہ پہلے ہی ڈال دیا ہے۔پانسیمل میٹنگ کے بعد سیندھوا اسمبلی سے بی جے پی امیدوار انتر سنگھ آریہ کی حمایت میں چاچریا میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بی جے پی کی اسکیموں کو کمل ناتھ نے بند کر دیا تھا، یہاں تک کہ کفن بھی چھین لیا تھا۔