نفرت اور ملک کو بانٹنے والوں کے خلاف دیا میں نے ووٹ

0
3

بنگلورو26اپریل: لوک سبھا الیکشن 2024 کے دوسرے مرحلے میں آج (26 اپریل) کو 13 ریاستوں میں 88 سیٹوں پر ووٹنگ ہو رہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی کرناٹک میں آج 14 سیٹوں پر ووٹنگ ہو رہی ہے۔ ایسے میں جنوبی ہند کی فلم انڈسٹری کے مشہور اداکارپرکاش راج نے بھی بنگلورو کے پولنگ بوتھ پر اپنا ووٹ ڈالا۔پرکاش راج نے اپنا ووٹ ڈالنے کے بعد خبر رساں ایجنسی اے این آئی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میرا ووٹ میرے حق کے لیے ہے، میرا یہ اختیار ہے کہ میں منتخب کروں کہ کون میری نمائندگی کرے گا، کون پارلیمنٹ میں میری آواز بنے گا۔ اداکار پرکاش راج کے لیے امیدوار کا انتخاب کرنا بہت ضروری ہے۔
یہ اس بات کا اعلان ہے کہ آپ کس پر آپ بھروسہ کرتے ہیں۔ اداکار پرکاش راج نے مزید کہا کہ میں نے اس امیدوار کو ووٹ دیا جس پر میں یقین کرتا ہوں، جو منشور وہ لائے ہیں اور ان کی تبدیلی کے وعدے پر میں یقین کرتا ہوں۔ نفرت اور تقسیم کی سیاست کی وجہ سے جو ہم نے پچھلی دہائی میں دیکھی ہے میں نے اس کے خلاف ووٹ دیا ہے۔ میں نے ان لوگوں کے خلاف ووٹ دیا ہے جو تقسیم کر رہے ہیں۔ میں نے اپنے حلقے سے ایک اچھے نمائندے کو ووٹ دیا ہے۔