بھوپال 11مئی: وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا ہے کہ مدھیہ پردیش پولیس کے افسران اور اہلکاروں نے اپنے اٹل حوصلے اور فرض شناسی کے بل پر اپنی ایک منفرد شناخت قائم کی ہے۔ حکومت پولیس کے اعتماد پر ہی گڈگورنینس کے راستے پر چلتی ہے۔ ریاست میں امن و امان اور سلامتی کے نظام کے لیے ملک بھکتی اور عوامی خدمت کے لیے وقف پولیس افسران اور اہلکاروں کو اعزاز سے نوازتے ہوئے مجھے خود فخر محسوس ہو رہا ہے۔ یہ پولیس افسران اور اہلکاروں کی مہارت، صلاحیت اور قابلیت کا ہی نتیجہ ہے کہ انہیں کے ایف رستم جی ایوارڈ سے سرفراز کیا جا رہا ہے۔ مدھیہ پردیش پولیس نے جس طرح اپنی دھاک اور ساکھ قائم کی ہے وہ یقینی طور پر قابلِ ستائش ہے۔ پولیس محکمہ میں جو بھی نئی پہل کی جائے گی، ریاستی حکومت اس کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو ریاست میں امن و امان کے لیے غیر معمولی خدمات انجام دینے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کے لیے سال 2019-2020 اور 2020-2021 کے کے ایف رستم جی ایوارڈ تقسیم تقریب سے خطاب کر رہے تھے، جو رویندر بھون میں منعقد ہوئی۔ پروگرام میں پولیس ڈائریکٹر جنرل مسٹر کیلاش مکوانا سمیت سینئر پولیس افسران، اعزاز پانے والے پولیس اہلکار اور ان کے اہل خانہ موجود تھے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ آج دو برسوں کے انعامات ایک ساتھ دیئے جا رہے ہیں۔ فرض شناسی اور غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں دیئے جانے والے یہ انعامات آئندہ ہر سال دیئے جائیں گے۔ یہ بھی یقینی بنایا جائے کہ مستقبل میں انعامات کی تقسیم میں تاخیر نہ ہو۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ پولیس محکمہ کی جانب سے دیئے جانے والے انعامات کی رقم بڑھانے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ پہلے پولیس ڈائریکٹر جنرل سطح پر 25 ہزار روپے تک کے انعامات دیئے جاتے تھے، جسے اب بڑھا کر 50 ہزار روپے کر دیا گیا ہے تاکہ عمدہ خدمات انجام دینے والے پولیس اہلکاروں کی مزید حوصلہ افزائی ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کو ان کی اہلیت کے مطابق ان کے ضلع میں رہائش فراہم کرنے کے لیے ہاؤسنگ بورڈ اور متعلقہ اداروں کے ساتھ تال میل قائم کر کے ضروری انتظامات کیے جائیں گے۔
پولیس اہلکار معاشرے کی حفاظت کے لیے ہمیشہ وقف رہتے ہیں، اس لیے ان کی ذاتی سہولیات اور فلاح و بہبود کا خیال رکھنا ریاستی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ پولیس اہلکار جس عزم اور وابستگی کے ساتھ کام کرتے ہیں وہ قابلِ تعریف ہے، ان کی خدمات کے لیے میرے دل میں خاص محبت اور احترام ہے۔

سال 2026 کی بھرتی مکمل ہوتے ہی اگلے سال کی بھرتی شروع ہوگی

وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ پولیس سروس میں بھرتی کے عمل کو تیز کیا جا رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان پولیس فورس سے جڑ کر عوامی فلاح، سلامتی اور قانون و نظم کو مزید مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ سال 2026 کی بھرتی کا عمل مکمل ہوتے ہی اگلے سال کی بھرتی کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔ اسی سلسلے میں ضلعی پولیس فورس میں پولیس بینڈ کے لیے بھی بھرتی کا عمل شروع کیا گیا ہے۔