نئی دہلی، 19 اپریل (یو این آئی) انڈین ریلوے نے مسافروں کے خوشگوار اور آرام دہ سفر کو یقینی بنانے کے لیے اس موسم گرما میں نو ہزار سے زیادہ اضافی ٹرینیں چلانے کا منصوبہ بنایا ہے۔وزارت ریلوے کے مطابق گرمی کے موسم میں طلب میں متوقع اضافے کے پیش نظر ہموار اور آرام دہ سفر کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی ٹرینوں کے 9111 ٹرپس چلائے جائیں گے۔وزارت ریلوے کے مطابق 2023 کے موسم گرما میں کل 6369 ٹرپس کا آپریشن کیاگیا تھا۔ اس طرح اس سال ٹرینوں کی تعداد میں 2742 کا ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔بڑے ریل روٹس پر بغیر کسی رکاوٹ کے سفر کو یقینی بنانے کے لیے ملک بھر کے اہم مقامات کو جوڑنے کے لیے اضافی ٹرینوں کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ تمام زونل ریل کے ذریعہ ملک بھر میں گرمیوں کے موسم میں تمل ناڈو، مہاراشٹر، گجرات، اڈیشہ، مغربی بنگال، بہار، اتر پردیش، کرناٹک، آندھرا پردیش، تلنگانہ، جھارکھنڈ، مدھیہ پردیش، راجستھان اور دہلی جیسی ریاستوں سے مسافروں کے رش کو کم کرنے کے لئے ان اضافی پھیروں کو چلانے کے لیے تیاریاں کر لی گئی ہیں۔
ریلوے کے مطابق سنٹرل ریلوے میں 488 ٹرپس، ایسٹرن ریلوے میں 254 ٹرپس، ایسٹ سنٹرل ریلوے میں 1003 ٹرپس، ایسٹ کوسٹ ریلوے میں 102 ٹرپس، نارتھ سنٹرل ریلوے میں 142، شمال مشرقی ریلوے میں 244، شمال مشرقی سرحدی ریلوے میں 88 ٹرپس، ناردرن ریلوے میں 778 ٹرپس، نارتھ ویسٹرن ریلوے میں 1623 ٹرپس، ساؤتھ سنٹرل ریلوے میں 1012 ٹرپس، ساؤتھ ایسٹرن ریلوے میں 276 ٹرپس، ساؤتھ ایسٹ سنٹرل ریلوے میں 12 ٹرپس، ساؤتھ ویسٹرن ریلوے میں 810 ٹرپس، جنوبی ریلوے میں 239 ٹرپس، ویسٹ سنٹرل ریلوے کے 162 ٹرپس اور ویسٹرن ریلوے میں 1878 ٹرپس چلائے جائیں گے۔ وزارت ریلوے نے کہا کہ اضافی ٹرینوں کی منصوبہ بندی اور چلانے کا ایک مسلسل عمل ہے جس کے لیے کسی خاص روٹ پر ٹرینوں کی ضرورت کا جائزہ لینے کی غرض سے، پی آر ایس نظام میں ویٹ لسٹ مسافروں کی تفصیلات کے علاوہ میڈیا رپورٹس، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، ریلوے انٹیگریٹڈ ہیلپ لائن نمبر 139 جیسے تمام کمیونیکیشن چینلز سے ساتوں دن 24 گھنٹے انپٹ لئے جاتے ہیں۔
اس ضرورت کی بنیاد پر ٹرینوں کی تعداد اور دوروں کی تعداد میں اضافہ کیا جاتا ہے۔ پورے سیزن کے لئے نہ تو ٹرینوں کی تعداد اور نہ ہی اضافی ٹرینوں کے ذریعے چلنے والے دوروں کی تعداد مستقل رہتی ہے۔
موسم گرما کے دوران زونل ریلوے کو ریلوے اسٹیشنوں پر پینے کے پانی کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ تمام بڑے اور اہم ریلوے اسٹیشنوں پر بھیڑ کو کنٹرول کرنے کے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں۔ بھیڑ کو منظم طریقے سے کنٹرول کرنے کے لیے تمام سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے ان اسٹیشنوں پر سینئر افسران تعینات ہیں۔
جنرل کلاس کوچوں میں داخلے کے لیے قطار کے نظام کو یقینی بنانے کے لئے ابتدائی اسٹیشنوں پرریلوے پروٹیکشن فورس (آر پی ایف) اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ پرہجوم علاقوں پر گہری نظر رکھنے اور مسافروں کو عین موقع پر مدد فراہم کرنے کے لئے سی سی ٹی وی کنٹرول روم میں ہنر مند آر پی ایف عملہ تعینات کیا گیا ہے۔
بھیڑ کے دوران بھگدڑ جیسی صورت حال سے بچنے کے لئے بھیڑ کو آسانی منظم کرنے کے لئے سرکاری ریلوے پولیس (جی آر پی) اور ریلوے پروٹیکشن فورس (آر پی ایف) کے عملے کو فٹ اوور برج پر تعینات کئے جارہے ہیں۔