ایران نے اسرائیلی جہاز پر کیا قبضہ

0
6

نئی دہلی 13اپریل:اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی نے ہندوستان کے لیے مشکل حالات پیدا کر دیے ہیں۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق ایران نے سمندر میں ایک اسرائیلی جہاز پر قبضہ کر لیا ہے جس میں ہندوستان کے کئی شہری بھی شامل ہیں۔ اس معاملے میں حکومت ہند الرٹ ہو گئی ہے اور ہندوستانی باشندوں کو رِہا کرانے کے لیے کوششیں تیز ہو گئی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آبنائے ہرمز کے قریب ایران کے ریوولیوشنری گارڈس کی طرف سے جس جہاز کو قبضے میں لیا گیا ہے، اس میں 25 افراد موجود ہیں۔ ان میں سے 17 ہندوستانی ہیں۔ اس معاملے میں ہندوستان لگاتار ایرانی افسران کے رابطے میں ہے۔ نئی دہلی نے ہندوستانی شہریوں کو چھڑانے کے لیے سفارتی چینل کے ذریعہ ایران پر مکمل دباؤ بنایا ہوا ہے۔ ذرائع کے حوالے سے سامنے آ رہی خبروں میں بتایا جا رہا ہے کہ ہندوستانی شہریوں کی سلامتی کے لیے تہران اور دہلی دونوں کے درمیان سفارتی چینلوں کے ذریعہ رابطہ بنا ہوا ہے اور بات چیت کی جا رہی ہے۔ ایک میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ’’ہماری جانکاری میں ہے کہ ایک کارگو شپ ’ایم ایس سی ایریز‘ پر ایران نے کنٹرول کر لیا ہے۔‘‘ ایران نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ جہاز ’یہودی حکومت‘ سے جڑا ہوا ہے۔ جہاز کے آپریٹر اطالوی-سوئس گروپ ایم ایس سی نے تو تصدیق بھی کر دی ہے کہ ایرانی اتھارٹیز جہاز پر چڑھ گئے ہیں۔