بھوپال:27نومبر:اسلام واحد دین ہے جس نے انسانی زندگی کے تمام پہلوؤں کو پیش نظر رکھا ہے اور اْن کے بارے میں کامل رہنمائی د ی ہے۔ دین اسلام کے سوا دنیا میں کوئی مذہب ایسا نہیں جو اپنی تعلیمات کے لحاظ سے اس قدر جامع اور ہمہ گیر ہو کہ اس میں روحانیت، اخلاق، معاشرت، معیشت اور سیاست سے متعلق مکمل تعلیم و رہنمائی پائی جاتی ہو۔مذکورہ باتیں آج موتی مسجد بھوپال میں نماز جمعہ سے قبل اپنے بصیرت افروز خطاب میں قاضی شہر حضرت مولانا سید مشتاق علی ندوی مدظلہٗ نے فرمائیں ۔
قاضی شہر نے فرمایا کہ معاش بھی انسانی زندگی کااہم مسئلہ ہے۔ اس کے حل کیلئے اسلام نے ہمیں بہترین نظامِ معیشت دیا ہے جس کے ذریعے نہ صرف انسانوں کی تمام بنیادی ضروریات پوری ہوتی ہیں بلکہ وہ ایک خوشحال زندگی بسر کرسکتے ہیں۔ رہے وہ لوگ جو معاشی دوڑ میں کسی طرح پیچھے رہ جاتے ہیں ، ان ناداروں ، حاجت مندوں اور معذوروں کی کفالت کیلئے اسلام نے دولت مندوں کے مال میں ایک مقررہ حق اور حصہ رکھ دیا ہے۔
اگر ہم قرآنِ مجید میں اس پہلو سے غور کریں کہ اس نے مالداروں کے مال میں ناداروں کے لئے کیا کچھ رکھا ہے تو ہمیں درج ذیل قرآنی احکامات ملتے ہیں :
قرآن میں اغنیا ء کو یہ حکم دیا گیا ہے کہ وہ اپنے مال کاایک حصہ غریب اور حاجت مندوں پر صرف کریں۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے کہ وہی متقی لوگ بہشت کے باغوں میں اور چشموں کے کناروں پر عیش سے رہیں گے جن کے مال کا ایک حصہ دنیا میں غریبوں اور ضرورت مندوں پر خرچ ہوتا تھا :
محترم سامعین کرام ! کوئی معاشرہ سماجی ومعاشی طورپر مستحکم اور خوشحال نہیں کہاجاسکتااگر اس کے کمزور، محروم اور پسماندہ افراد اور طبقوں کے حقوق ادا نہ کئے جائیں اور وہ معاشرہ میں اپنے کو محفوظ و مامون تصور نہ کریں۔ چند افراد اور گروہوں کے درمیان دولت گردش کرتی رہے اور وہی ملک کے وسائل و اسباب اور رزق پر قابض رہیں اِسے ترقی و خوشحالی سے تعبیر نہیں کیاجاسکتا۔ بلاشبہ افرادِ معاشرہ میں، ان کی صلاحیتوں اور قابلیتوں میں، ان کی ذہنی وفکری سطح میں فرق واختلاف پایا جاتاہے جو فطری اورقدرتی ہے۔ قدرت نے سارے انسانوں کو یکساں صلاحیتیں نہیںدیں اور نہ شکل و صورت اور علم و فضل میں انہیں برابر پیدا کیاہے اس لئے معاشرہ میں مساوات اپنے مغربی معنوں میں ناقابل نفاذ اور ناممکن العمل ہے۔ مگر ذہنی و فکری سطح ، صلاحیت وقابلیت اور محنت وسعی کے تناسب سے ہرفرد کو اس کاجائز حق ملنا چاہئے۔ یہ متوازن اور متناسب مساوات اسلام کی بنیادی تعلیم ہے۔
معاشرہ میں بہت سے افراد اور طبقے محروم رہ جاتے ہیں۔ اپنے جسمانی وذہنی نقص کی وجہ سے، ناگہانی آفات کی بنا پر یا چندافراد کے ظلم واستحصال کا شکار ہوجانے کے سبب وہ وسائل حیات میں سے اپنا حصہ وصول نہیں کرپاتے اور ترقی و خوشحالی کی دوڑ میں پیچھے رہ جاتے ہیں، ایسے افراد اور طبقوں کے حقوق کی نگہداشت اور کفالت کرنا معاشرہ کی ذمہ داری ہے۔ اسلام اپنے ماننے والوں کے اندر یہ شعور جاگزیں کرتاہے۔ قرآن اہل ایمان کو مختلف حوالوںسے یہ باور کراتاہے کہ اللہ نے جو احسان وانعام تمہارے اوپر کیا ہے، اس میں کمزوروں اور محروموں کابھی حق ہے۔ یتیموں، غریب رشتہ داروں، مسکینوں اور معذور و محروم افراد کے حقوق ادا کرنے کی اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے بڑی تاکید کی ہے۔ ہم اگر کسی کی ضرورت پوری کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں تو ہمیں ضرور اس اجر کو حاصل کرنا چاہئے ۔
محترم حاضرین مسجد یہ بھی تلخ حقیقت ہے کہ ہمارے درمیان ایسے لوگ بھی ہیں جو سماج میں باعزت ہیں مگر اندر خانہ ٹوٹے ہوئے اور ضرورت مند ہیں ۔ وہ خود داری کی بنا پر اپنی ضرورتیں لوگوں کے سامنے نہیں رکھ پاتے جب کہ بعض افراد اتنے لاچاراوربے بس ہوتے ہیں کہ وہ دوسروں کے سامنے اپنی ضرورت رکھنے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔ سماج کے یہ تمام ضرورت مند اور لاچار ومجبور ہماری توجہ اور ہمدردی کے مستحق ہیں۔قرآن پاک نے ایسے ضرورت مندوں کا ہمارے مال میں حق بتایا ہے ۔یاد رکھئے کہ یہاں مانگنے والے سے پیشہ ور بھکاری مراد نہیں بلکہ وہ لوگ مراد ہیں جو اپنی حقیقی ضرورت آپ کے سامنے رکھتے ہیں اور بحالتِ مجبوری زبان کھولتے ہیں۔ ایسے جولوگ آپ کے سامنے اپنی ضرورت رکھیں اور آپ محسوس کریں کہ وہ واقعی ضرورت مند ہیں تو ان کی مدد کیجئے یا کسی دوسرے سے امدادکرائیے اوراگر کچھ بھی نہ کرسکتے ہوں تو نہایت پیار ومحبت سے معذرت کرلیجئے اور کوئی اچھی بات کہہ کر اجر وثواب حاصل کیجئے۔
بسا اوقات دیکھا جاتا ہے کہ سوال کرنے والے کو لوگ جھڑک دیتے ہیں ،جو انتہائی بری بات ہے ۔ قرآن نے ہمیں حکم دیاہے:’’ ضرورت مند جب اپنی ضرورت کے بارے میں سوال کرے تو اسے جھڑکو مت‘‘
اللہ کی نظر میں مجبور وبے کس اور مصیبت زدہ مسکین کی بڑی وقعت ہے۔ ان کی مدد کرکے اپنے خدا کی خوشنودی اور اس کے رحم وکرم کا مستحق بنئے۔یاد رکھئے کسی پریشان حال،مجبور اور ضرورت مند کی مدد کرنے کو اللہ نے اپنی مدد کرنے کے برابرقرار دیا ہے۔ ارشاد ربانی ہے:’’اگر تم اللہ کی مدد کرو گے تو اللہ تمہاری مدد کرے گا‘‘ (سورہ محمد )
اللہ تعالیٰ اپنے صاحب ثروت بندوں کو ضرورت مندوں کی مدد کرنے کی کرنے کی توفیق بخشے (آمین) .۔