بھوپال:27؍نومبر:ایڈیشنل چیف سکریٹری، محکمہ عام انتظامیہ مسٹر شیو شیکھر شکلا نے کہا ہے کہ جن پریچے شہریوں کی سہولت کے نقطہ نظر سے ایک اہم اور وقت کے تقاضوں کے مطابق اقدام ہے۔ جن پریچے کے ذریعے شہریوں کو تمام سرکاری خدمات کے لیے سنگل لاگ اِن کی سہولت ملے گی۔ ڈیجیٹل خدمات کا مقصد شہریوں کا وقت بچانا اور طریقہ کار کو آسان بنانا ہونا چاہیے۔ بار بار او ٹی پی درج کرنے جیسے مراحل کو کم کرنے کے لیے خدمات کی محفوظ آٹومیشن ضروری ہے۔ ایک بار شہریوں کا ڈیٹا بیس تیار ہو جانے کے بعد مختلف محکموں اور اداروں کو ضرورت کے مطابق تصدیق شدہ معلومات فراہم کی جا سکیں گی۔ اس سے شہریوں کا وقت بچے گا اور سرکاری خدمات مزید آسان اور سہل بنیں گی۔ ایڈیشنل چیف سکریٹری مسٹر شکلا جمعہ کو آر۔ سی۔ وی۔ پی۔ نرونہا اکیڈمی آف ایڈمنسٹریشن اینڈ مینجمنٹ، بھوپال میں ’جن پریچے – میری پہچان‘ (نیشنل سنگل سائن آن این ایس ایس او) کے مؤثر نفاذ اور تکنیکی انضمام پر منعقدہ ریاست سطحی ورکشاپ سے خطاب کر رہے تھے۔ ورکشاپ کا انعقاد قومی اطلاعاتی مرکز (این آئی سی)، وزارت الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی، مرکزی حکومت کی جانب سے کیا گیا۔ایڈیشنل چیف سکریٹری مسٹر شکلا نے کہا کہ ڈیٹا پرائیویسی اور سکیورٹی کے مضبوط انتظامات کے ساتھ جن پریچے کے ذریعے شہری مرکوز، آسان اور محفوظ خدمات کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ ریاستی حکومت این آئی سی کے ساتھ تال میل کرکے اس اقدام کو عام شہریوں تک پہنچائے گی اور ای گورننس کے شعبے میں مدھیہ پردیش کی شناخت کو مزید مضبوط کرے گی۔ورکشاپ میں ریاست کے مختلف محکموں نے اپنے شہری مرکوز پورٹل، ایپلی کیشنز اور موبائل ایپلی کیشنز کو مقررہ مدت کے اندر قومی سنگل سائن آن پلیٹ فارم سے مربوط کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ریاستی انفارمیٹکس افسر اور ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل، این آئی سی مدھیہ پردیش مسٹر سنیل جین نے بتایا کہ مدھیہ پردیش حکومت کے مختلف محکموں کی زیادہ تر خدمات آن لائن دستیاب ہیں۔ فی الحال شہریوں کو مختلف خدمات کے لیے الگ الگ پورٹل پر رجسٹریشن کرانا پڑتا ہے اور مختلف لاگ اِن آئی ڈی اور پاس ورڈ استعمال کرنے پڑتے ہیں۔ جن پریچے کے ذریعے سنگل لاگ اِن کی سہولت دستیاب ہونے سے شہری ایک ہی اکاؤنٹ کے ذریعے مدھیہ پردیش سمیت مرکزی حکومت اور دیگر ریاستوں کے مختلف پورٹل اور ایپلی کیشنز استعمال کر سکیں گے۔
کمشنر، محکمہ خوراک، شہری رسد اور صارفین کے تحفظ مسٹر دنیش جین نے بتایا کہ ان کا محکمہ عوامی تقسیمی نظام (پی ڈی ایس) اور کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) پر زرعی پیداوار کی خریداری جیسی اہم اسکیمیں چلاتا ہے، جن سے ریاست کی بڑی آبادی وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی ڈیجیٹل زندگی کو آسان بنانے کے مقصد سے محکمے کی اہم ایپلی کیشنز کو مقررہ مدت کے اندر قومی سنگل سائن آن پلیٹ فارم سے مربوط کیا جائے گا۔
ورکشاپ کے تکنیکی اجلاسوں میں سرکاری ایپلی کیشنز اور ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے استعمال کے دوران شہریوں کو درپیش چیلنجز اور موجودہ صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بتایا گیا کہ جن پریچے کے ذریعے شہریوں کو مختلف سرکاری پورٹل اور ایپلی کیشنز پر بار بار رجسٹریشن کرانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ مربوط پروفائل کے ذریعے وہ جن پریچے سے وابستہ مرکزی اور ریاستی حکومت کی مختلف خدمات تک آسانی سے رسائی حاصل کر سکیں گے۔ اس سے سرکاری خدمات کا استعمال آسان، سہل اور تیز رفتار ہوگا۔
تکنیکی اجلاس میں ایپلی کیشن ڈیولپرز اور محکمہ جاتی تکنیکی ٹیموں کو جن پریچے کی پلگ اینڈ پلے تصدیق کی سہولت کے بارے میں معلومات دی گئیں۔ بتایا گیا کہ اس نظام سے محکمہ جاتی ایپلی کیشنز میں الگ سے کسٹم لاگ اِن، او ٹی پی اور پاس ورڈ کی بازیابی کے ماڈیول تیار کرنے اور ان کی دیکھ بھال کرنے کی ضرورت کم ہوگی۔ اس کے ساتھ او آتھ 2.0، اوپن آئی ڈی کنیکٹ، سامل اور اے پی آئی پر مبنی انضمام کے معیارات نیز ٹوکن مینجمنٹ کے عمل کے بارے میں معلومات دی گئیں۔ ورکشاپ میں جن پریچے کے ساتھ سرکاری ویب پورٹل اور موبائل ایپلی کیشنز کو جوڑنے کے مرحلہ وار عمل کا مظاہرہ کیا گیا۔ تصدیق کے عمل، ٹوکن مینجمنٹ اور اسٹیجنگ انوائرنمنٹ میں جانچ کا لائیو ڈیمو بھی پیش کیا گیا۔ اس سے محکمہ جاتی تکنیکی ٹیموں کو انضمام کے عملی طریقہ کار کو سمجھنے میں مدد ملی۔
رجسٹریشن، کے وائی سی اور سنگل کلک آن بورڈنگ کا مظاہرہ کیا گیا
ورکشاپ میں جن پریچے پلیٹ فارم پر رجسٹریشن، کے وائی سی اور سنگل کلک آن بورڈنگ کے عمل کا لائیو مظاہرہ کیا گیا۔ اس میں صارف کی رجسٹریشن اور پروفائل کی تصدیق، محکمہ جاتی صارفین کے موجودہ ڈیٹا بیس کے انتظام، صارفین کی میپنگ اور مختلف شہری گروپوں کے لیے خدمات کی آسان دستیابی یقینی بنانے سے متعلق تکنیکی پہلوؤں کے بارے میں معلومات دی گئیں۔
اس دوران این آئی سی ہیڈکوارٹر اور مدھیہ پردیش کی ماہر ٹیم نے قومی سنگل سائن آن پلیٹ فارم کے نظامی ڈھانچے، اہم خصوصیات، سائبر سکیورٹی معیارات اور معاون انضمامی طریقہ کار پر تفصیلی پریزنٹیشنز دیں۔ تکنیکی اجلاسوں میں مسٹر وی۔ ٹی۔ وی۔ رمنا، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل اور گروپ کوآرڈینیٹر، مسٹر دیال کھنڈیلوال، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل، این آئی سی ہیڈکوارٹر اور مسٹر سنجے شرما، سینئر ڈائریکٹر اور شعبہ جاتی سربراہ، جن پریچے نے این آئی سی ہیڈکوارٹر کی ماہر ٹیم کے ساتھ این ایس ایس او پلیٹ فارم کے سسٹم آرکیٹیکچر، اہم خصوصیات، سائبر سکیورٹی ضوابط، معاون انضمامی معیارات (او آتھ 2.0، اوپن آئی ڈی کنیکٹ، سامل اور اے پی آئی پر مبنی ورک فلو)، شہریوں کے کے وائی سی اور رجسٹریشن (آن بورڈنگ) کے طریقہ? کار اور حقیقی استعمال پر مبنی کیس اسٹڈیز کی تفصیلی پیشکش کی۔ کیس اسٹڈیز کے ذریعے مختلف محکمہ جاتی ایپلی کیشنز کے انضمام کے امکانات کو بھی سمجھایا گیا۔
لائیو ڈیمو اور سوال و جواب کے ذریعے تکنیکی شبہات دور کیے گئے
ورکشاپ میں منعقدہ لائیو ڈیمو، کیس اسٹڈی اور سوال و جواب کے اجلاس میں مختلف محکموں کے آئی ٹی نوڈل افسران، پروگرامرز اور تکنیکی مشیروں نے سرگرمی سے شرکت کی۔ شرکاء کو محکمہ جاتی پورٹل کے موجودہ صارفین کے ڈیٹا بیس کے تال میل، شہریوں کی میپنگ اور مربوط تصدیق کے عمل کے بارے میں معلومات دی گئیں۔ لائیو مظاہرے اور کھلے سوال و جواب کے اجلاس کے ذریعے شرکاء کے تکنیکی سوالات اور شبہات کا ازالہ بھی کیا گیا۔
ورکشاپ میں محکمہ جاتی تکنیکی ٹیموں نے مقررہ مدت کے اندر سینڈ باکس ٹیسٹنگ اور لائیو انضمام کا عمل شروع کرنے کے لیے اپنی تیاری کا اظہار کیا۔
جن پریچے کی اہم خصوصیات
جن پریچے ایک سنگل سائن آن ایپلی کیشن ہے، جس کے ذریعے مختلف سرکاری خدمات کو ایک ہی تصدیقی نظام کے تحت مربوط کیا جا سکتا ہے۔ یہ مرکزی تصدیقی خدمت شہریوں کو ایک ہی لاگ اِن آئی ڈی اور پاس ورڈ کے ذریعے متعدد ایپلی کیشنز اور خدمات استعمال کرنے کی سہولت فراہم کرتی ہے۔ ایک بار تصدیق ہو جانے کے بعد شہریوں کو ہر خدمت کے لیے الگ الگ لاگ اِن کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ اس سے خدمات کی آسان دستیابی کے ساتھ سکیورٹی بھی یقینی ہوتی ہے۔ جن پریچے کے ذریعے محکموں کو ای آتھنٹیکیشن کی سہولت ملتی ہے، جس سے شہریوں کی شناخت کی تصدیق اور محفوظ خدمات فراہم کرنا آسان ہوتا ہے۔ اس میں آسان رجسٹریشن اور تصدیق کے لیے مقررہ معیارات اور پلگ ایبل آتھنٹیکیشن کمپوننٹس کا انتظام موجود ہے۔ اس کے ساتھ متعلقہ خدمت کے مطابق صارف کی تصدیق اور اجازت دینے کی سہولت بھی دستیاب ہے۔ پلیٹ فارم میں آدھار کارڈ، پین کارڈ، ڈرائیونگ لائسنس اور ایپلی کیشن پر مبنی آئی ڈی کے ذریعے تصدیق کی سہولت موجود ہے۔ اس میں او ٹی پی، بیک اَپ کوڈ، ٹیپ اور ٹوکن پر مبنی ملٹی فیکٹر آتھنٹیکیشن کی سہولت بھی دستیاب ہے۔
جن پریچے اینالیٹکس کے ذریعے صارف کے سیشن کی حقیقی وقت میں نگرانی اور تجزیہ کیا جا سکتا ہے۔ اس سے مشتبہ سرگرمیوں کی شناخت اور پروفائل ہیکنگ کے خدشات کو کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔ یہ پلیٹ فارم لامحدود صارفین کی تعداد کو سپورٹ کرتا ہے۔ اس کی حقیقی صلاحیت دستیاب بیک اینڈ انفراسٹرکچر پر منحصر ہوتی ہے۔