بھوپال:05؍اگست:کسانوں کی بہبود اور زرعی ترقی محکمہ نے ریاست کے کسانوں کے مفاد میں اہم فیصلے کرتے ہوئے گرمیوں کی مونگ اور اْڑد کی سرکاری خریداری کی آخری تاریخ میں توسیع کر دی ہے، جس سے کسانوں کو بڑی راحت ملی ہے۔ پرائس سپورٹ اسکیم کے تحت مونگ پیدا کرنے والے کسانوں کے مفاد میں مونگ کی سرکاری خریداری کے لیے سلاٹ بک کرنے کی آخری تاریخ 10 اگست جبکہ مونگ اور اْڑد کی سرکاری خریداری کی آخری تاریخ 20 اگست مقرر کر دی گئی ہے۔ اس کے لیے کسانوں کو اپنا آدھار کارڈ، موبائل نمبر اور رجسٹریشن میں مکمل تفصیلات درج کرانا ہوں گی۔
قابلِ ذکر ہے کہ کھاد کی تقسیم کو شفاف بنانے کے لیے “ہائبرڈ موڈ” نافذ کیا گیا ہے۔ کسانوں کے مفاد میں خریداری پالیسی میں جزوی ترمیم کرتے ہوئے یہ بھی طے کیا گیا ہے کہ مونگ کی سرکاری خریداری کسان کی مجموعی پیداوار کے 60 فیصد تک کی جائے گی۔اْڑد اور گرمیوں کی مونگ کی سرکاری خریداری کے سلسلے میں ایک نئی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ حکومت نے کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) کے علاوہ اْڑد کی سرکاری خریداری پر 600 روپے فی کوئنٹل بونس دینے کا تاریخی فیصلہ کیا ہے۔ اس سے ریاست کو دالوں کی پیداوار میں خود کفیل بنانے کی کوششوں کو مزید رفتار ملے گی۔