رائسین:05؍اگست :(پریس ریلیز) ضلع رائسین کی تحصیل غیرت گنج کے قصبہ گڑھی کی مسلم تہوار کمیٹی، جمعیۃ علماء ہند اور مسلم سماج کی جانب سے گاؤں کڑھئیا میں واقع دو قدیم درگاہوں کو منہدم کیے جانے کے خلاف سب ڈویژنل مجسٹریٹ غیرت گنج جناب ہرشل چودھری کے نام ایک تفصیلی یادداشت نامہ پولیس چوکی گڑھی میں پیش کیا گیا۔
اس موقع پر ایس ڈی او پی بیگم گنج محترمہ سونل گپتا، تھانہ انچارج ڈی۔پی۔ لوہیا، تھانہ انچارج دیہگاؤں ہری اوم آستھایا اور چوکی انچارج تیج پال سنگھ موجود تھے۔
یادداشت نامے میں کہا گیا کہ گرام پنچایت گڑھی سے متصل گاؤں کڑھئیا میں تقریباً 250 سال پرانی دو تاریخی اور مذہبی درگاہیں واقع تھیں، جن میں سے ایک درگاہ حضرت سید جلال الدین شاہ رحمۃ اللہ علیہ اور ان کے اہلِ خاندان سے منسوب ہے۔ ان درگاہوں کو علاقے میں مذہبی، تاریخی اور سماجی اعتبار سے خصوصی اہمیت حاصل رہی ہے، جہاں ہر مذہب اور برادری کے لوگ عقیدت کے ساتھ حاضری دیتے رہے ہیں۔
یادداشت کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی شب بعض افراد نے جے سی بی مشین کی مدد سے دونوں درگاہوں کو منہدم کر دیا۔ یادداشت میں روی چورسیا، راجیندر گور، روہت اہیروار اور اوینیش اہیروار کے نام درج کرتے ہوئے واقعہ کی غیر جانبدارانہ اور گہرائی سے جانچ کر تمام ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا کہ اگر تفتیش میں دیگر افراد کے ملوث ہونے کے شواہد سامنے آئیں تو ان کے خلاف بھی قانون کے مطابق مساوی کارروائی کی جائے۔
مسلم سماج نے اپنے یادداشت نامے میں کہا کہ اس واقعہ سے مذہبی جذبات کو شدید ٹھیس پہنچی ہے اور علاقے کی گنگا-جمنا تہذیب، باہمی بھائی چارے اور سماجی ہم آہنگی کو نقصان پہنچا ہے۔ انتظامیہ سے مطالبہ کیا گیا کہ گاؤں کڑھئیا کی دونوں قدیم درگاہوں کی سرکاری نگرانی میں جلد از جلد ازسرِ نو تعمیر کرائی جائے، متعلقہ اراضی کی قانونی جانچ کے بعد اسے محکمۂ مال کے ریکارڈ میں درج کیا جائے اور قصوروار افراد کے خلاف نافذ قوانین کے تحت سخت کارروائی کی جائے۔ مستقبل میں اس نوعیت کے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر انتظامی اور قانونی اقدامات کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔
یادداشت پیش کرنے والوں میں مسلم تہوار کمیٹی کے صدر خالد منصوری، جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولوی عطاء الحنان، جنپد رکن رضوان خان، گرام پنچایت گڑھی کے سرپنچ سید مسعود علی پٹیل، صابر خان منصوری، وسیم ٹیلر، عبدالرزاق خان، خلیل قریشی، منظور پٹھان، سید سعود علی، اتھر علی، راشد منصوری، رضوان قریشی، حلیم خان، ارکان منصوری، مشرف منصوری، عارف خان، قائم شاہ، ابوزر قریشی، شاہ رخ پٹھان، سید ودود علی پٹیل، سمیر منصوری، رحیم بیگ، آفتاب علی، حبیب قریشی، فہیم ٹیلر، جابر شاہ سمیت مسلم سماج کے بڑی تعداد میں افراد موجود تھے۔
یادداشت کے اختتام پر مسلم سماج نے ضلعی انتظامیہ پر غیر جانبدارانہ اور قانون کے مطابق کارروائی کا اعتماد ظاہر کرتے ہوئے علاقے میں امن، بھائی چارے اور قانون و انتظام کی فضا برقرار رکھنے کے لیے فوری فیصلہ کرنے کی اپیل کی۔