نئی دہلی، 11 اگست (یواین آئی) افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) نے ہندوستان کے خلاف تین میچوں کی ٹی20 بین الاقوامی سیریز کی تاریخوں کی باضابطہ تصدیق کردی ہے۔ اے سی بی کے مطابق سیریز کے تینوں میچ 13، 15 اور 17 ستمبر کو نئی دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے اور ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے بھی ان تاریخوں پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔اے سی بی کے چیف ایگزیکٹیو نسیم خان نے بورڈ کے کمرشل شراکت داروں کو بھیجے خط میں کہا کہ ہندوستان کا افغانستان دورہ 2026، 13 سے 17 ستمبر تک ہوگا اور میچوں کی تاریخوں اور مقامات کو بی سی سی آئی کے ساتھ حتمی شکل دے دی گئی ہے۔اے سی بی کی اس باضابطہ تصدیق کے بعد ہندوستان کے بنگلہ دیش دورے کے امکانات تقریباً ختم ہوگئے ہیں۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے چھ وائٹ بال میچوں کے لیے یکم سے 13 ستمبر کی تاریخیں مقرر کی تھیں، جو افغانستان کے خلاف سیریز سے متصادم ہیں۔اے سی بی نے کہا کہ سیریز کا باضابطہ اعلان متعلقہ حکام کی جانب سے ابھی باقی ہے، تاہم میڈیا رائٹس رکھنے والے ادارے مقررہ شیڈول کے مطابق اپنی نشریاتی اور تشہیری تیاری شروع کرسکتے ہیں۔ میڈیا رائٹس رکھنے والی آئی ٹی ڈبلیو یونیورس، جیو اسٹار، سونی اسپورٹس اور زی یونائٹ8 کے ساتھ تینوں میچوں کے لینیئر رائٹس کے لیے بات چیت کر رہی ہے، جبکہ فین کوڈ کے پاس ڈیجیٹل رائٹس ہیں۔دریں اثنا، اے سی بی نے بی سی سی آئی سے ایک میچ 14 ستمبر کو، یعنی گنیش چترتھی کے موقع پر کرانے کی بھی درخواست کی ہے۔
ذرائع کے مطابق افغان بورڈ چاہتا ہے کہ پہلا یا دوسرا میچ 14 ستمبر کو منتقل کیا جائے تاکہ سیریز کو تہوار کے رنگ سے جوڑا جاسکے۔آئی ٹی ڈبلیو یونیورس کے شریک بانی بھیرَو شانٹھ نے کہا کہ اگر تاریخ میں تبدیلی ہوتی ہے تو گنیش چترتھی کے موقع پر سیریز کا انعقاد ہندوستان اور افغانستان کے درمیان دوستی اور کرکٹ کے جذبے کی عکاسی کرنے والا ایک خوبصورت اشارہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ یہ سیریز تاریخی اہمیت رکھتی ہے کیونکہ افغانستان پہلی بار ہندوستان کی میزبانی میں باہمی سیریز کھیلنے جا رہا ہے۔