بھوپال، (پریس ریلیز) العلم فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام منعقدہ سالانہ جلسے میں تعلیم کے فروغ، غریب اور مستحق طلبہ و طالبات کی تعلیمی معاونت، خصوصاً تعلیمِ نسواں کی اہمیت اور جدید دور کے تعلیمی تقاضوں پر تفصیلی اظہارِ خیال کیا گیا۔ پروگرام کا آغاز تلاوت کلام اللہ سے ہوا۔ بعد ازاں ڈاکٹر رضی الحسن حیدری نے افتتاحی کلمات پیش کئے۔اس موقع پر نمایاں تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات کو اسکالرشپ اور انعامات سے نوازا گیا۔
جلسے کے مہمانِ خصوصی ایم۔ ڈبلیو۔ انصاری، آئی پی ایس (ریٹائرڈ ڈی جی) نے اپنے خطاب میں کہا کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی، خوشحالی اور سماجی تبدیلی کی بنیادی شرط ہے۔ تعلیم کو صرف ملازمت حاصل کرنے یا ڈگری لینے کا ذریعہ سمجھنا درست نہیں، بلکہ اس کا اصل مقصد انسان میں شعور، اخلاق، ذمہ داری اور اچھے برے میں تمیز پیدا کرنا ہے۔ ایک تعلیم یافتہ معاشرہ ہی اپنے حقوق و فرائض کو سمجھ سکتا ہے اور ملک کی تعمیر و ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکتا ہے۔
انہوں نے تعلیمِ نسواں پر خصوصی زور دیتے ہوئے کہا کہ لڑکیوں کی تعلیم کو ترجیح دیے بغیر معاشرے کی حقیقی ترقی کا تصور ممکن نہیں۔ ایک تعلیم یافتہ خاتون نہ صرف اپنے خاندان بلکہ آنے والی نسلوں کی تعلیم و تربیت میں بھی بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ بچیوں کو تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں اور معاشی کمزوری یا سماجی رکاوٹوں کی وجہ سے کسی بھی ہونہار طالبہ کی تعلیم متاثر نہ ہونے پائے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کو اس بات پر سنجیدگی سے توجہ دینی ہوگی کہ لڑکوں کے ساتھ لڑکیوں کی اعلیٰ تعلیم، پیشہ ورانہ تعلیم اور ہنر مندی کے مواقع بھی بڑھائے جائیں۔
انہوں نے اسکالرشپ اور انعامات حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز صرف ایک یادگاری نشان یا مالی رقم نہیں بلکہ ان کی محنت، اساتذہ کی رہنمائی اور والدین کی قربانیوں کا اعتراف ہے۔ انہوں نے کہا کہ مالی وسائل کی کمی کسی بچے کی صلاحیت اور مستقبل کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننی چاہیے۔ صاحبِ ثروت افراد اور سماجی تنظیموں کو آگے آکر مستحق بچوں کی تعلیم کی ذمہ داری اٹھانی چاہیے، تاکہ کوئی بھی بچہ محض غربت کی وجہ سے تعلیم سے محروم نہ رہ جائے۔
انہوں نے جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت (AI) کے بڑھتے ہوئے اثرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دور تیزی سے بدل رہا ہے۔ طلبہ کو روایتی تعلیم کے ساتھ سائنس، ٹیکنالوجی، کمپیوٹر اور عملی ہنر سے بھی واقف ہونا چاہیے۔مستقبل انہی نوجوانوں کا ہوگا جو محض معلومات جمع کرنے کے بجائے انہیں سمجھنے، نئی صلاحیتیں پیدا کرنے اور معاشرے کے لیے مفید کام کرنے کی اہلیت رکھتے ہوں گے۔ تاہم ٹیکنالوجی کتنی ہی ترقی کیوں نہ کر لے، انسانی محبت، ایمانداری، اخلاق اور خدمتِ خلق کی اہمیت ہمیشہ برقرار رہے گی۔
انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کی حوصلہ افزائی کریں، ان کی صلاحیتوں کو پہچانیں اور لڑکیوں کی تعلیم کے معاملے میں بھی کسی قسم کی کوتاہی نہ برتیں۔ اساتذہ اور تعلیمی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ طلبہ میں علم کے ساتھ کردار سازی اور سماجی ذمہ داری کا شعور بھی پیدا کریں۔
پروگرام کے مہمان خاص جناب نواب رضا صاحب نے اپنے خطاب میں تعلیم کی اہمیت اور نئی نسل کی بہتر تربیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں اور سماجی تنظیموں کی ایسی کوششیں قابلِ قدر ہیں جو مستحق بچوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کی ترقی کے لیے تعلیم کو اولین ترجیح بنانا اور نئی نسل کی حوصلہ افزائی کرنا ضروری ہے۔
دیگر مقررین نے بھی تعلیم کے فروغ، تعلیمی مواقع میں مساوات، طالبات کی تعلیم اور سماجی سطح پر تعلیمی معاونت کے نظام کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ مقررین نے العلم فاؤنڈیشن کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مستحق طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی اور ان کی تعلیمی ضروریات میں معاونت ایک اہم سماجی خدمت ہے۔
جلسے میں ڈاکٹر صبا حسین، پروفیسر زرغام حیدر، ایس۔ ایس۔ کاظمی، اولمپئن جلال الدین رضوی، عادل اختر، عصمت رضا صاحبہ، کیپٹن ایس ایچ علی صاحب، العلم فاؤنڈیشن کے جنرل سیکریٹری شمیم علی، شاہینہ رضوی سمیت دیگر معزز شخصیات اور بڑی تعداد میں طلبہ، طالبات، والدین اور معززین شریک ہوئے۔پروگرام کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر مرتضیٰ عباس رضوی نے بحسن خوبی انجام دئیے۔
آخر میں العلم فاؤنڈیشن کی جانب سے تمام مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا گیا۔ مقررین نے اس امید کا اظہار کیا کہ معاشرے کے تمام طبقات تعلیم کے فروغ اور مستحق بچوں کے روشن مستقبل کے لیے اپنی ذمہ داری ادا کریں گے۔









