بھوپال:25؍نومبر:جنسی تشدد کا درد جھیلنے والے بچوں کو اب مشکل وقت میں ایک ایسا قابل اعتماد ساتھی ملے گا، جس کے سامنے وہ بغیر کسی خوف اور جھجک کے اپنی بات کہہ سکیں گے۔ مدھیہ پردیش میں بچوں کے تحفظ کے لیے شروع کی گئی ’شوریا دیدی‘ پہل متاثرہ بچوں کو ذہنی سہارا دینے، ان میں تحفظ کا احساس پیدا کرنے اور انصاف و بازآبادکاری کے عمل میں تعاون فراہم کرنے کا ذریعہ بنے گی۔ مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کی جووینائل جسٹس کمیٹی کے صدر جسٹس مسٹر آنند پاٹھک نے اس حساس پہل کو پوری ریاست میں وسعت دینے کی تجویز پیش کی ہے۔ بدھ کے روز پوکسو ایکٹ کے تحت جنسی تشدد سے متاثرہ بچوں کی مدد کے لیے نامزد کی گئی ’شوریا دیدیوں‘ کا ایک روزہ صلاحیت سازی اور تربیتی پروگرام منعقد کیا گیا۔