بھوپال سے آج روانہ ہوگا 160 عازمین حج کا پہلا جتھہ

0
25

بھوپال، ۶ جون (رپورٹر)حج بیت اللہ اور روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے مقدس سفر شروع ہونے کو ہے۔راجدھانی بھوپال کے امبارکیشن پوائنٹ سے 7جون کو بھوپال و نزدیکی اضلاع کے عازمین حج کا پہلا جتھہ روانہ ہوگا۔سات تاریخ کو جانے والے عازمین نے پیر کو اسٹیٹ حج کمیٹی آفس میں اپنی آمد درج کرائی اور پاسپورٹ،ویزا اور دیگر ضروری دستاویز حاصل کیے۔ان عازمین کو حج ہاؤس سے ہی بسوں کے ذریعے راجہ بھوج ہوائی اڈہ پہنچایا جائیگا جہاں سے وہ سیدھے جدہ کے لیے پرواز کریں گے ۔
بتایا جا رہا ہے کہ حاجیوں کی ضروری رہبری کیلئے سینٹرل حج کمیٹی ممبئی سے آئی ٹیم نے ذمے داریاں سنبھال لی ہیں۔ہوائی اڈہ پر بھی کچھ ملازمین رہنمائی کے لیے موجود رہیں گے۔ اسٹیٹ حج کمیٹی ذرائع نے بتایا کہ 7جون بروز بدھ بھوپال سے حج بیت اللہ کے لیے پرواز کرنے والے عازمین کا پہلا جتھہ 160 حجاج پر مشتمل ہوگا۔اسکے بعد 21جون تک سلسلے وار عازمین کی روانگی ہوتی رہے گی۔