بھوپال:12؍اگست:دیواس میں نائب وزیراعلیٰ اور ضلع کے انچارج وزیر مسٹرجگدیش دیوڑا کی قیادت میں ترنگا یاترا کا انعقاد کیا گیا۔ ضلع میں “ہر گھر ترنگا مہم-2026پورے جوش و خروش اور حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔مہم کے تحت حب الوطنی اور وطن سے محبت کے جذبے کو ہر شخص تک پہنچانے کے مقصد سے انچارج وزیر مسٹرجگدیش دیوڑا کی قیادت میں ساون کی پھوار اور حب الوطنی کے گیتوں کی دھن کے درمیان عوامی نمائندے، سماجی تنظیمیں، افسران و ملازمین، اسکولی بچے، کھلاڑی اور تمام عمر گروپ کے شہری ہاتھوں میں ترنگا لہراتے ہوئے جوش و خروش کے ساتھ یاترا میں شامل ہوئے۔ترنگا یاترا شریمنت تْکوجی راؤ پوار اسٹیڈیم سے شروع ہو کر بھوپال چوراہا، ناہر دروازہ، نیاپورہ، سپر مارکیٹ، جواہر چوک، منڈی دھرم شالہ سے ہوتی ہوئی بھوپال چوراہا کے راستے شریمنت تْکوجی راؤ پوار اسٹیڈیم پہنچی اور اختتام پذیر ہوئی۔
انچارج وزیر مسٹردیوڑا نے کہا کہ یوم آزادی کے مقدس موقع پر ملک گیر ’ہر گھر ترنگا‘ مہم کے تحت عظیم الشان ترنگا یاترا کا انعقاد کیا گیا ہے۔ ترنگا ہماری آن، بان اور شان ہے۔ جب ہاتھوں میں ہندوستان کا قومی پرچم لے کر نکلتے ہیں تو ہر شہری کو فخر محسوس ہوتا ہے۔اس وقت پورے مدھیہ پردیش میں اسی حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ عظیم الشان ترنگا یاترائیں نکالی جا رہی ہیں، جن میں عوام کا غیر معمولی جوش و خروش دیکھنے کو مل رہا ہے۔
انچارج وزیر مسٹردیوڑا نے سبھی کو یوم آزادی کی پیشگی مبارک باد اور نیک خواہشات پیش کیں۔ انہوں نے ملک کی آزادی اور سلامتی کے لیے اپنی جانوں کی قربانی دینے والے بہادر سپوتوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم سب کو ان شہیدوں کی اعلیٰ ترین قربانی کو سلام پیش کرنا چاہیے۔آج انہی کی شہادت اور بہادری کی وجہ سے ہمارا ملک محفوظ ہے اور ہم کھلی ہوا میں سانس لے رہے ہیں۔
انچارج وزیر مسٹردیوڑا نے شہریوں سے اپیل کی کہ ’ہر گھر ترنگا‘ مہم کے تحت ہم سب کی یہ ذمہ داری ہے کہ اپنے اپنے گھروں پر فخر کے ساتھ ترنگا لہرائیں۔یہ مہم صرف ایک پروگرام نہیں، بلکہ ملک کے تئیں ہماری شکرگزاری اور اتحاد کا اظہار کرنے کا ذریعہ ہے۔نائب وزیراعلیٰ مسٹر دیوڑا نے شریمنت تْکوجی راؤ پوار اسٹیڈیم کے احاطے میں پودا لگایا۔ انہوں نے سبھی سے اپیل کی کہ زیادہ سے زیادہ پودے لگائیں اور ان کا تحفظ بھی کریں۔ترنگا یاترا میں دیواس کی رکنِ اسمبلی محترمہ گایتری راجے پوار بھی شامل تھیں۔