بھیونڈی30جون: مہاراشٹر ٹیچر اہلیت امتحان (ٹی ای ٹی)-2026 کے پرچہ لیک معاملے کی تحقیقات میں مصروف بھونڈی پولیس اور خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) کو ایک اہم کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ اس ہائی پروفائل امتحانی گھوٹالے میں پہلے ہی تین ملزمان کی گرفتاری کے بعد اب پولیس نے مرکزی مفرور ملزم وجندر گپتا کی اہلیہ سمن کماری کو بہار کی راجدھانی پٹنہ سے گرفتار کر لیا ہے۔ عدالت نے اسے 6 جولائی تک پولیس تحویل میں بھیج دیا ہے۔ پولیس کے مطابق ٹی ای ٹی امتحان کے سوالیہ پرچے لیک سے متعلق تحقیقات تیزی سے جاری ہیں۔ اس معاملے میں وجندر گپتا کو پرچہ لیک نیٹ ورک کا اہم سرغنہ تصور کیا جا رہا ہے، جبکہ اس کا قریبی ساتھی کپل دہیا بھی تاحال مفرور ہے۔ دونوں کی گرفتاری کے لیے ایس آئی ٹی کی مختلف ٹیمیں اتر پردیش، بہار، دہلی اور ہریانہ میں مسلسل چھاپہ مار کارروائیاں کر رہی ہیں۔ تحقیقات کے دوران ملنے والے شواہد کی بنیاد پر پولیس نے سمن کماری کو پٹنہ سے گرفتار کیا۔ قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد اسے ٹرانزٹ پروڈکشن کے ذریعے مہاراشٹر لایا گیا، جہاں منگل کو اسے بھونڈی کی عدالت میں جج ایس ایم ستار کے روبرو پیش کیا گیا۔ عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد سمن کماری کو 6 جولائی تک پولیس تحویل میں بھیجنے کا حکم دیا تاکہ تفتیشی ایجنسیاں اس سے مزید پوچھ گچھ کر سکیں۔ آئی اے این ایس کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالہ اطلاع دی گئی ہے کہ ایس آئی ٹی اس بات کی جانچ کر رہی ہے کہ آیا سمن کماری پرچہ لیک کی سازش، ملزمان کے درمیان مالی لین دین، مفرور ملزمان کی نقل و حرکت یا پورے نیٹ ورک کے انتظام میں کسی بھی سطح پر شریک رہی ہے یا نہیں۔
اس مقصد کے لیے اس کے موبائل فون، بینک کھاتوں، ڈیجیٹل آلات اور دیگر الیکٹرانک شواہد کی بھی باریک بینی سے جانچ کی جا رہی ہے۔