بھوپال:20؍جون:مدھیہ پردیش حکومت کی کسان دوست اور اختراعی بنیادوں پر قائم بھائونتر ادائیگی اسکیم-2025 کو قومی سطح پر باوقار اسکاچ گولڈ ایوارڈ-2026 سے نوازا گیا ہے۔ یہ ایوارڈ 20 جون 2026 کو پی ایچ ڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، اگست کرانتی مارگ، نئی دہلی میں منعقدہ تقریب میں دیا گیا۔
وز یراعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو کی فعال قیادت اوروزیر کسان بہبوداور زرعی ترقی مسٹر ایدل سنگھ کنشانہ کی رہنمائی میں بھائونتر اسکیم-2025 اور ای-منڈی اسکیم کو ایک مربوط ڈیجیٹل ڈھانچے کے تحت کامیابی کے ساتھ نافذ کیا گیا ہے۔ یہ پہ کسانوں کو قیمتوں کے تحفظ، فوری ادائیگی اور شفاف زرعی مارکیٹنگ نظام فراہم کرنے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔
بھائونتر اسکیم-2025 کے تحت سویابین کی خریداری مکمل طور پر ای-منڈی ایپلی کیشن کے ذریعہ کی گئی۔ یہ ملک میں پہلی بار نافذ کی گئی ایک اختراعی انتظامیہ ہے جس کا مقصد کسانوں کو بازار کی قیمتوں میں کمی سے تحفظ فراہم کرنا ہے۔ اسکیم میں کم از کم امدادی قیمت اور حقیقی فروختی قیمت/ماڈل ریٹ کے درمیان فرق کی رقم براہِ راست کسانوں کے بینک کھاتوں میں منتقل کی جاتی ہے، تاکہ کسانوں کو ان کی پیداوار کی مناسب قیمت یقینی طور پر مل سکے۔
مدھیہ پردیش ریاستی زرعی مارکیٹنگ بورڈ، بھوپال کی جانب سے یہ اعزاز منیجنگ ڈائریکٹر مسٹر کمار پروشوتم کی نگرانی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر مسٹر یوگیش ناگلے، مسٹر گووند شرما اور مسٹر نرنجن سنگھ نے حاصل کیا۔ دونوں ایپلی کیشنز این آئی سی بھوپال کی جانب سے تیار کی گئی ہیں۔
ایوارڈ تقریب میں چیئرمین وزیر اعظم اقتصادی مشاورتی کونسل پروفیسر ایس مہیندر دیو، ایڈیشنل سکریٹری وزارت قانون و انصاف ڈاکٹر منوج کمار، ڈائریکٹر انڈین کاؤنسل فار ریسرچ آن انٹرنیشنل اکنامک ریلیشنس ڈاکٹر شیکھر ایئیر، ڈائریکٹر جنرل آر آئی ایس پروفیسر سچن کمار شرما اور چیئرمین اسکاچ گروپ مسٹر سمیر کوچر سمیت متعدد معزز شہری اور خصوصی مہمان موجود رہے۔
یہ فراہمی مدھیہ پردیش کی کسان بہبود اور زرعی مارکیٹنگ اصلاحات کے تئیں وابستگی کا قومی سطح پر ثبوت ہے اور ریاست کے ڈیجیٹل زرعی مارکیٹنگ نظام کی کامیابی کو نمایاں کرتی ہے۔