کولکاتا17اکتوبر: مغربی بنگال کے کولکاتا میں چورباگان کے درگا پنڈال میں ہفتہ کی شام بھگدڑ مچ گئی۔ اس حادثے میں 18 افراد کی موت ہوگئی۔ مرنے والوں میں 4 مرد، 13 خواتین اور ایک 7 سالہ بچہ شامل ہے۔ کولکاتا میڈیکل کالج کے ذرائع نے 20 اموات کا دعویٰ کیا ہے۔ حادثے میں 45 سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس کے مطابق ہفتہ کی شام تقریباً 7:40 بجے بارش شروع ہوگئی تھی۔ بارش سے بچنے کے لیے کئی لوگ پنڈال کے اندر رک گئے تھے۔ اسی دوران مزید عقیدت مندوں نے اندر جانے کی کوشش کی، جس کے باعث دھکم پیل شروع ہوگئی اور بھگدڑ مچ گئی۔ حادثے کے بعد پنڈال کی لائٹیں بند کردی گئیں اور لوگوں کے داخلے پر روک لگا دی گئی۔ بنگال حکومت نے ایک ٹول فری ہیلپ لائن نمبر 18003455678 شروع کیا ہے۔ واقعے کے بعد درگا پوجا کے کئی پنڈال بند کردیے گئے ہیں۔
چورباگان حادثے کے بعد وزیراعلیٰ شوبھیندو ادھیکاری کولکاتا میڈیکل کالج اسپتال پہنچے۔ یہاں افسران کے ساتھ ہنگامی میٹنگ ہوئی۔ اس میٹنگ میں وزیراعلیٰ کے علاوہ چیف سکریٹری منوج اگروال، محکمہ صحت کے سکریٹری اور کولکاتا پولیس کے اعلیٰ افسران موجود رہے۔ میٹنگ میں حادثے کے بعد کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی زخمیوں کے علاج اور آئندہ اٹھائے جانے والے اقدامات پر بھی بات چیت ہوئی۔حادثے کے بعد متاثرہ افراد کے اہل خانہ روتے بلکتے اور اپنے پیاروں کی تلاش کرتے ہوئے نظر آئے۔بھگدڑ کے بعد جائے حادثہ پر چپلیں بکھری ہوئی اور لوگوں کا سامان ادھر ادھر پڑا ہوا نظر آیا۔حادثے کے بعد پنڈال میں افراتفری کے آثار نمایاں تھے اور پنڈال ٹوٹا ہوا اور خالی پڑا نظر آیا۔
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ مغربی بنگال کے چورباگان عوامی درگا پوجا پنڈال میں بھگدڑ کے بعد کئی افراد کی موت کی انتہائی افسوسناک خبر ملی ہے۔ میں نے اس معاملے میں وزیراعلیٰ شوبھیندو ادھیکاری سے بات کی ہے۔ اس دردناک حادثے میں جان گنوانے والوں کی روح کے سکون کے لیے دعا کرتا ہوں اور غمزدہ خاندانوں کے تئیں گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ زخمیوں کو بہتر سے بہتر علاج فراہم کرنے کے لیے انتظامیہ انتظامات کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ میں کل مغربی بنگال میں اپنے تمام طے شدہ پروگرام ملتوی کررہا ہوں، تاکہ اسپتال جاکر زخمیوں سے ملاقات کرسکوں۔ ماں درگا سے دعا ہے کہ تمام زخمی جلد صحت یاب ہوں۔









