امریہ/بھوپال:22؍جون:مدھیہ پردیش اردو اکادمی (محکمہ ثقافت) کی جانب سے نچلی سطح پر اردو ادب اور ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے مقصد سے ایک اہم فیصلہ کیا گیا ہے۔ ضلع جیل امریہ میں بحیثیت پہری (جیل گارڈ) تعینات، معروف نوجوان شاعر اور سرگرم سماجی کارکن ‘شارب پوروانچلی کو ضلع امریہ کا مرکزی کنوینر (ضلع کواڈینیٹر) مقرر کیا گیا ہے۔یہ تقرری اردو اکادمی بھوپال کی ڈائریکٹر اور ممتاز شاعرہ ڈاکٹر نصرت مہدی کی جانب سے عمل میں آئی ہے۔ اس پرمسرت موقع پر ‘شارب پوروانچلی نے بھوپال میں ڈاکٹر نصرت سے ملاقات کی اوراس دوران انہوں نے موصوفہ کو گلدستہ پیش کر کے اس نئی اور اہم ذمہ داری کے لیے ان کا شکریہ ادا کیا۔
شارب پوروانچلی طویل عرصے سے ادبی دنیا میں سرگرم ہیں۔ ان کا منفرد طرزِ غزل، الفاظ کا عمدہ انتخاب اور شعر و ادب سے گہری لگن کو دیکھتے ہوئے اردو اکادمی نے انہیں اس اہم ذمہ داری کے لیے منتخب کیا ہے۔ مقامی ادبا اور شعرا کا ماننا ہے کہ ان کی اس تقرری سے ضلع امریہ میں ادبی سرگرمیوں کو ایک نئی سمت اور توانائی ملے گی۔
قیدیوں کی اصلاح اور سماجی خدمات کے لیے ہیں معروف شارب پوروانچلی صرف اپنی قلمی خدمات کے لیے ہی نہیں، بلکہ اپنی مثالی سماجی سرگرمیوں کے لیے بھی علاقے میں بے حد مقبول ہیں۔ بحیثیت پہری اپنے فرائض کی انجام دہی کے ساتھ ساتھ انہوں نے جیل میں قیدیوں کی ذہنی اصلاح اور انہیں معاشرے کے دھارے میں واپس لانے کے لیے کئی قابلِ قدر کام کئے ہیں۔
اس باوقار کامیابی پر ‘شارب پوروانچلی نے اپنی کامیابی کا سہرا اپنے اساتذہ اور رفقاء کے سر باندھا ہے۔ انہوں نے غزل گروپ کے ناظم اور اپنے استادِ محترم جناب دنیش بھوپالی اور آرتی بخشی کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔ اس کے ساتھ ہی، امریہ میں سرگرم ان کی ادبی تنظیم’’ ‘واتاین‘‘ گروپ کے تمام سینیئر اراکین—جناب انل مشرا، جناب کلدیپ کمار، جناب یوگیش پانڈے، جناب راج کمار مہوبیا، جناب بھوپیندر تریپاٹھی اور دیگر تمام ساتھیوں کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔شارب پوروانچلی کو ضلع کواڈینیٹر مقرر کیے جانے پر امریہ اور ان کے آبائی وطن پریاگ راج کے ادبی حلقوں، سینیئر تخلیق کاروں اور بہی خواہوں نے دلی خوشی کا اظہار کیا ہے اور مدھیہ پردیش اردو اکادمی کی ڈائریکٹر ڈاکٹر نصرت مہدی کا شکریہ ادا کیا ہے۔









