بھوپال:30؍اگست:وزیر اعلیٰ جن وشواس ابھیان کے تحت پرنسپل سکریٹری توانائی مسٹر منیش سنگھ نے نرسنگھ پور ضلع کے دورے کے دوران مدھیہ پردیش پاور ٹرانسمیشن کمپنی (ایم پی ٹرانسکو) کے 33/132/220کے وی الٹرا ہائی پریشور سب اسٹیشن رونسرہ، نرسنگھ پور کا معائنہ کیا۔انہوں نے سب اسٹیشن کے انتظامات، بجلی کی فراہمی کی صورتحال اور جاری کاموں کے بارے میں معلومات حاصل کرکے ایم پی ٹرانسکو کے افسران کو ضروری ہدایات دیں۔
معائنے کے دوران پرنسپل سکریٹری توانائی مسٹر سنگھ نے سب اسٹیشن کی آپریشن اور مینٹیننس سرگرمیوں نیزبجلی کی فراہمی کے قابلِ اعتماد ہونے کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بہترین کام کرنے والے ملازمین کی تعریف کرتے ہوئے بجلی کے کاموں کے دوران حفاظتی معیارات کی صد فیصد پابندی یقینی بنانے پر خصوصی زور دیا۔
نرسنگھ پور بائی پاس کی تعمیر کی وجہ سے 220 کے وی سب اسٹیشن رونسرہ کے رسائی والے راستے میں پیدا ہونے والی مشکلات پر پرنسپل سکریٹری توانائی نے تشویش ظاہر کی۔انہوں نے چیف انجینئر (ٹیسٹنگ) مسٹر ایم وائی منصوری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اگر موجودہ وقت میں سب اسٹیشن تک عام گاڑیوں کی رسائی میں دشواری ہو رہی ہے، تو کسی ہنگامی صورتحال میں بڑے پاور ٹرانسفارمر اور دیگر بھاری آلات کی آمدورفت بھی متاثر ہو سکتی ہے۔انہوں نے مقامی انتظامیہ کے ساتھ تال میل قائم کرکے قریب کے نالے پر تعمیر کیے گئے پل کی دوبارہ تعمیر کی سمت میں ضروری کارروائی کرنے کی ہدایات دیں۔ ساتھ ہی سب اسٹیشن کی اپروچ روڈ کی جلد از جلد بہتری کے لیے بھی ہدایات دیں۔