بھوپال:08؍ستمبر:وزیراعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے وزیر اعظم مسٹر نریندر مودی اورمرکزی وزیر ریل مسٹر اشونی ویشنو کا مدھیہ پردیش کے دھار میں واقع ٹانڈا روڈ اسٹیشن سے وڈودرا کے درمیان نئی مسافر ٹرین سروس اور ڈیڈیکیٹڈ فریٹ کوریڈور نیٹ ورک پر مال گاڑیوں کی سوغات دینے پر اظہارتشکر کیا ہے۔
وزیراعظم مسٹر مودی نے منگل کو وڈودرا میں منعقد پروگرام میں دھار روڈ اسٹیشن سے وڈودرا کے درمیان نئی مسافر ٹرین سروس اور ڈیڈیکیٹڈ فریٹ کوریڈور نیٹ ورک پر چار مال گاڑیوں کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ وزیر اعظم مسٹر مودی نے اس کے ساتھ ہی وڈودرا-رتلام کے درمیان تیسری اور چوتھی ریل لائن کی تعمیر ی کام کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔
وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے ایکس پر پوسٹ میں کہا کہ اس سے مسافر اور مال برداری کی نقل و حمل کی صلاحیت بڑھے گی، ریل راستے پر بھیڑ اور دیگر رکاوٹیں کم ہوں گی۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ گجرات اور مدھیہ پردیش کے درمیان مال برداری کے نقل و حمل کا رابطہ مزید مضبوط ہوگا۔ یہ ریل کنیکٹیویٹی صنعت، تجارت اور سیاحت کو نئی رفتار دینے کے ساتھ علاقے کی مجموعی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی۔وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ وزیراعظم مسٹر مودی نقل و حمل کے مختلف شعبوں میں عوام کے لیے سہولیات بڑھانے کا کام مسلسل کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے اس اہم سوغات کے لیے تمام ریاست کے باشندوں کی جانب سے وزیراعظم مسٹر مودی اور مرکزی وزیرریل مسٹر ویشنو کا اظہار تشکر کیا ہے۔









