گونڈیا، 8 ستمبر: گونڈیا-بالاگھاٹ شاہراہ پر ناگرا گاؤں کے قریب پیر اور منگل کی درمیانی شب پیش آنے والے ایک المناک سڑک حادثے میں 3 سالہ معصوم بچی سمیت 6 مزدوروں کی موت ہو گئی جبکہ 7 دیگر شدید زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق بالاگھاٹ کے کرناپور علاقے سے تعلق رکھنے والے 13 مزدور بولیرو گاڑی میں سوار ہو کر روزگار کے سلسلے میں حیدرآباد جا رہے تھے کہ سامنے سے آنے والے ایک تیز رفتار ٹرک نے ٹکر مار دی اور بے قابو ہو کر گاڑی پر پلٹ گیا، جس کے نتیجے میں گاڑی مکمل طور پر دب گئی اور 5 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ متوفیان میں سنتوش ماترے (38)، ان کی اہلیہ سشیلا ماترے (35)، روپ سین ستیکر (35)، ان کی اہلیہ جیوتی ستیکر (32)، کرن ویدیہ (26) اور 3 سالہ بچی آروش ماترے شامل ہیں، جس نے اسپتال میں دم توڑا۔
حادثے میں راکیش باہے، سنتوش ویدیہ، سنگیتا ماترے، بھومیشور ماترے، راجیندر پانچالے، لکشمی پانچالے اور گاڑی کے ڈرائیور سندیپ باہے شدید زخمی ہوئے ہیں جنہیں فوری طور پر ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جبکہ پولیس نے قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے بعد لاشیں آبائی گاؤں روانہ کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔