نئی دہلی19ستمبر : وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتے کے روز ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے 20ویں روزگار میلے میں 51 ہزار سے زائد نو منتخب نوجوانوں کو سرکاری خدمات کے تقرری نامے تقسیم کیے۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے نوجوانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایسے وقت میں حکومتِ ہند سے وابستہ ہو رہے ہیں، جب ملک 2047 تک وکست بھارت بنانے کے بڑے ہدف کی سمت آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ہدف کو حاصل کرنے میں نوجوانوں کا اہم کردار ہوگا۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ نوجوانوں کو سرکاری خدمت میں رہتے ہوئے ایسے فیصلے کرنے چاہئیں، جو وکست بھارت اور آتم نربھر بھارت کی مہم کو مضبوط کریں۔ وزیر اعظم نے تقرری حاصل کرنے والے نوجوانوں سے کہا کہ اس کامیابی کے پیچھے ان کی محنت کے ساتھ ساتھ والدین اور خاندان کے افراد کی بھی تپسیا اور تعاون شامل ہے۔
پی ایم مودی نے کہا کہ ہندوستانی نوجوانوں کی صلاحیت اور ہنر نے پوری دنیا کا اعتماد حاصل کیا ہے۔ دنیا کو ہندوستان کے اختراع کاروں، صنعت کاروں اور نوجوان طاقت سے بہت امیدیں ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں اختتام پذیر برکس سربراہی اجلاس کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی کوشش ہے کہ برکس تعاون صرف حکومتوں تک محدود نہ رہے، بلکہ صنعت کار، کسان، خواتین اور نوجوان بھی اس کے فعال شراکت دار بنیں۔ اسی سوچ کے تحت برکس کنیکٹ اور برکس ایم ایس ایم ای کوآپریشن پورٹل جیسی پہل کی گئی ہے۔