نئی دہلی2نومبر: وزیر اعظم نریندر مودی کے بیان پر قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے ردعمل ظاہر کیا ہے، جس میں انہوں نے ملک کو تقسیم کرنے کی سازشوں اور سوشل میڈیا کے ذریعے افواہیں پھیلائے جانے کا الزام عائد کیا تھا۔ راہل گاندھی نے ایکس پر مودی سے کہا کہ وہ ملک سے جھوٹ بولنا بند کریں۔ انہوں نے وزیر اعظم پر غیر ملکی مدد سے اقتدار حاصل کرنے اور اسی مدد سے عہدے پر برقرار رہنے کا الزام لگایا۔ راہل گاندھی نے لکھا کہ مودی غیر ملکی مدد سے وزیر اعظم بنے اور اسی مدد سے عہدے پر قائم ہیں۔ ان کے مطابق ملک کا مالیاتی نظام غیر ملکی عناصر کے کنٹرول اور حمایت میں ہے، جبکہ غیر ملکی سوشل میڈیا بھی مودی کی پشت پناہی کر رہا ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم کو کھلی بحث کا چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ وہ کسی بھی وقت مباحثے کے لیے تیار ہیں۔
کانگریس رہنما نے کہا کہ مودی یہ چیلنج قبول نہیں کریں گے، کیونکہ وہ ان باتوں سے خوف زدہ ہیں جو راہل گاندھی ان کے بارے میں جانتے ہیں۔ راہل نے پوسٹ میں دونوں زبانوں میں الزامات اور مباحثے کا چیلنج پیش کیا۔ ساتھ ہی اخبار ’دی انڈین ایکسپریس‘ کی خبر کے اسکرین شاٹس بھی شیئر کیے، جن میں وزیر اعظم کے بیان کی تفصیلات ہیں۔









