نئی دہلی 24جون:’’پی ایم مودی بیرون ملک میلوڈی اور ملک میں جھال موڑی کھائیں گے، ان کے وزیر اعلیٰ زمینیں اور نذرانوں کا سونا-چاندی نگل جائیں گے۔‘‘ یہ تلخ تبصرہ کانگریس کے سینئر لیڈر اور ترجمان پون کھیڑا نے آج ایک پریس کانفرنس میں ایودھیا نذرانہ چوری تنازعہ کے ساتھ ساتھ اجین اراضی تنازعہ کے پیش نظر کیا۔ انھوں نے میڈیا سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’’مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ موہن یادو اور ان کے اہل خانہ کا زمین گھوٹال سامنے آ گیا ہے۔ اجین میں سنہستھ کمبھ ہونے والا ہے۔ اس بارے میں وزیر اعلیٰ کو پتہ ہے اور اس سے جڑی فائلیں ان سے ہو کر گزرتی ہیں، اس لیے وہ اپنی قلم کی طاقت سے ہیر پھیر کر سکتے ہیں۔‘‘ ایودھیا میں بڑے پیمانہ پر نذرانوں و عطیات کی چوری کے بعد مدھیہ پردیش کے اجین میں مشتبہ طریقے سے زمینوں کی خریداری معاملہ پر پون کھیڑا نے تشویش کا اظہار کیا، اور کہا کہ ’’اجین و ایودھیا سے ملک ہی نہیں بلکہ بیرون ممالک کے لوگوں کا عقیدہ جڑا ہوا ہے۔ ان تیرتھوں سے پیسہ لوٹنا عقیدت مندوں کی پیٹھ میں خنجر گھونپنے جیسا ہے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’وزیر اعلیٰ موہن یادو نے اپنی فیملی کے ساتھ مل کر اجین میں سینکڑوں ایکڑ زمین خرید لی۔ وزیر اعلیٰ بننے کے بعد خریدی گئی 168 ایکڑ میں سے 111 ایکڑ زمین اس علاقہ میں خریدی جہاں سنہستھ کمبھ آنے والا ہے۔‘‘ اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے پون کھیڑا نے کہا کہ ’’اجین کے جس علاقہ میں 2035 کے ماسٹر پلان کے اوپر کام ہونا ہے، موہن یادو کی فیملی نے وہاں زمینیں خریدی ہیں۔‘‘ ساتھ ہی وہ وزیر اعظم کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’’اس معاملہ میں پی ایم مودی سے ایکشن لینے کی کوئی امید نہیں ہے۔ وہ بیرون ملک میں میلوڈی اور ملک میں جھال موڑی کھائیں گے، ان کے وزیر اعلیٰ زمینیں و نذرانوں کا سونا-چاندی نگل جائیں گے‘‘۔









