بھوپال:21؍ستمبر:مدھیہ پردیش کے سرکاری ہائی اور ہائر سیکنڈری اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلباء کی زندگی کی مہارتوں، ذہنی صحت، صنفی مساوات اور مجموعی بہبود کو فروغ دینے کے مقصد سے ’امنگ ہے تو زندگی میں رنگ ہے‘ تھیم پر محکمہ اسکولی تعلیم اور یو این ایف پی اے کے مشترکہ زیر اہتمام ریاست میں امنگ دیوس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ پروگرام میں ریاست کے 9 ہزار 339 سرکاری ہائی اور ہائر سیکنڈری اسکولوں کے تقریباً 22 لاکھ طلباء شامل ہوں گے۔ یہ پروگرام ریاست کے تمام سرکاری ہائی اور ہائر سیکنڈری اسکولوں میں ایک ساتھ منعقد کیا جائے گا۔
امنگ دیوس کے ذریعہ نوعمر لڑکے اور لڑکیوں کو زندگی کے چیلنجوں کا مثبت انداز میں سامنا کرنے، اپنے جذبات کو سمجھنے، خود اعتمادی بڑھانے اور ایک دوسرے کے تئیں احترام و حساسیت پیدا کرنے کا موقع ملے گا۔ پروگرام میں طلباء کو ذہنی صحت کے تئیں بیدار کرنے کے ساتھ ضرورت کے مطابق امداد اور مشاورتی خدمات کی معلومات بھی دی جائیں گی۔
امنگ تری وینی کے ذریعہ زندگی کی مہارتوں، مساوات اور خود حفاظتی پر زور
پروگرام کے تحت ’امنگ تری وینی‘ فریم ورک کے ذریعہ تین اہم شعبوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ ’امنگ SHWP‘ کے تحت WHOکی 10 اہم لائف اسکل کو فروغ دینے، ذہنی صحت کے تئیں بیداری بڑھانے اور 14425 ہیلپ لائن کے استعمال کی معلومات دی جائیں گی۔ اسی طرح ’اجول‘ پہل کے ذریعہ طلباء، خصوصاً لڑکوں کو ’جینڈر چیمپئن‘ کے طور پر تیار کرنے، قدامت پسند نظریات کو چیلنج کرنے، باہمی احترام اور صنفی مساوات کا جذبہ پیدا کرنے پر زور دیا جائے گا۔ ’سشکت‘ پہل کے ذریعہ طالبات کو خود حفاظتی کی عملی مہارتوں سے واقف کرانے کے ساتھ جسمانی خود اختیاری کے تئیں بیدار کیا جائے گا۔
پروگرام کو مزید جامع بنانے کے لیے خصوصی ضرورت والے بچوں (CWSN) کے لیےUNFPA کے تعاون سے سرگرمی پر مبنی خصوصی رہنما کتابچہ تیار کیا گیا ہے۔ اس کے مؤثر نفاذ کے لیے 110 ماسٹر ٹرینرس کے ذریعہ 9,449 اساتذہ کو تربیت دی جائے گی، تاکہ خصوصی ضرورت والے طلباء کی بامعنی شرکت یقینی بنائی جا سکے۔
اسکول کی سطح پر 150 منٹ کی خصوصی سرگرمی ہوگی:
اسکول کی سطح پر 150 منٹ کی خصوصی سرگرمی ہوگی۔ ڈھائی گھنٹے کا خصوصی پروگرام منعقد کیا جائے گا، جس میں امنگ اینتھم، ’میری پاتی‘ ڈراپ باکس کی تنصیب (سوالات کے خفیہ حل کے لیے)، 4 ایمپاورمنٹ اسٹیشنس (ڈریم کیچر، ’سشکت‘ سیلف ڈیفنس، ’اجول‘ رول پلے اور وسپر گیم) اور ’رنگِ امنگ‘ وال جیسی دلچسپ سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی۔
ہر اسکول میںتیار ہوگا حساس اور مثبت ماحول:
طلباء کی جذباتی صحت اور ذہنی ویلونگ کو مدنظر رکھتے ہوئے ریاست کے ہر اسکول کے لیے خصوصی بیداری پوسٹر طباعت کر تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ ان کا مقصد اسکول کے احاطے میں ایسا مثبت اور حساس ماحول تیار کرنا ہے، جہاں طلباء آسانی سے اپنی بات رکھ سکیں اور ضروری تعاون حاصل کر سکیں۔ امنگ پروگرام صرف ایک انعقاد نہیں بلکہ نوعمر لڑکے اور لڑکیوں کو ذمہ دار، خود اعتماد اور حساس شہری بنانے کی ایک مضبوط کوشش ہے۔