نئی دہلی 3مئی: کرناٹک سیکس اسکینڈل معاملے میں سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیو گوڑا کے بیٹے رکن اسمبلی ایچ ڈی ریونّا کے خلاف کرناٹک پولیس نے عصمت دری اور اغوا کی ایف آئی آر درج کی ہے۔ متاثرہ خواتین میں سے ایک کے بیٹے نے پولیس میں اپنی ماں کے اغوا کی شکایت درج کرائی ہے جس کے بعد ایچ ڈی ریونّا کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اسی کے ساتھ ایچ ڈی ریونّا کے رشتہ دار ستیش بابو کو ایف آئی آر میں دوسرا ملزم نامزد کیا گیا ہے۔ یہ ایف آئی آر میسور ضلع کی کے آر نگر پولیس نے درج کی ہے۔ ایف آئی آر میں متاثرہ کے بیٹے نے الزام لگایا ہے کہ اس کی ماں اس سیکس ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد سے غائب ہو گئی ہے جس میں پرجول ریونّا کی خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی کی فوٹیج موجود ہے۔ پولیس کو دیے گئے متاثرہ کے بیٹے کے بیان کے مطابق دوسرا ملزم ستیش بابو اس کے گھر آیا اور اس کی ماں کو یہ کہہ کر موٹر سائیکل پر لے گیا کہ ایچ ڈی ریونّا اس سے ملنا چاہتے ہیں، اس کے بعد سے وہ گھر نہیں لوٹی۔ شکایت کنندہ نے بتایا کہ 29 اپریل کو رات تقریباً 9 بجے ستیش بابو اس کی ماں کو زبردستی اپنے ساتھ لے گئے اور گھر والوں کو دھمکی دی کہ اگر انہوں نے اس کی مخالفت کی تو ان کے خلاف پولیس کیس درج کیا جائے گا۔ متاثرہ کے بیٹے نے یہ بھی کہا ہے کہ اس کی والدہ کو نامعلوم مقام پر رکھا گیا ہے۔ اس نے پولیس سے اپنی والدہ کی تلاش میں مدد کرنے کی اپیل کی ہے۔ اسی کے ساتھ اس نے ایچ ڈی ریونّا اور ستیش بابو کے خلاف قانونی کارروائی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
اپنی شکایت میں متاثرہ کے بیٹے نے کہا ہے کہ اس کی ماں نے 6 سال تک ریونّا کے گھر اور فارم پر کام کیا اور تین سال قبل اس نے نوکری چھوڑ دی تھی۔ 26 اپریل کو ہونے والی ووٹنگ سے صرف تین دن پہلے ستیش بابو اس کی ماں کو یہ کہتے ہوئے لے گئے کہ ایچ ڈی ریونّا کی بیوی بھوانی ریونّا اس سے ملنا چاہتی ہیں۔ ووٹنگ کے دن اس کی ماں کو واپس گھر لا کر چھوڑ دیا گیا اور ستیش بابو نے پولیس سے بات نہ کرنے کی وارننگ دی۔ بیٹے نے بتایا کہ ستیش بابو نے دھمکی دی کہ اگر اس نے پولیس سے بات کی تو مقدمہ درج کیا جائے گا اور یہ بھی کہا کہ اگر پولیس اس کے پاس آئے تو وہ پولیس سے بات نہ کرے۔