لوزان، 22 اگست (یو این آئی) ہندوستان کے نیرج چوپڑا نے لوزان ڈائمنڈ لیگ 2026 میں سیزن کی اپنی بہترین 88.05 میٹر کی تھرو کی، لیکن وہ سری لنکا کے رومیش تھارنگا پاتھیراگے کو صرف 9 سینٹی میٹر سے پیچھے رہ کر دوسرے مقام پر رہے۔ تھارنگا نے 88.14 میٹر کی تھرو کے ساتھ طلائی کامیابی حاصل کی، جبکہ گریناڈا کے اینڈرسن پیٹرز 86.69 میٹر کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔
نیرج نے کہا کہ مقابلہ انتہائی سخت تھا اور وہ 88 میٹر کی تھرو سے خوش ہیں۔ ان کے مطابق ہر مقابلے کے ساتھ انہیں محسوس ہورہا ہے کہ وہ اپنی مکمل فارم میں واپس آرہے ہیں۔
تھارنگا نے اس سیزن میں اپنی تیسری ڈائمنڈ لیگ جیت حاصل کی۔ اس سے قبل وہ دوحہ اور روم میں بھی خطاب جیت چکے ہیں۔ روم ڈائمنڈ لیگ میں ان کی 92.62 میٹر کی تھرو اب بھی سیزن کی عالمی بہترین کارکردگی ہے۔
مقابلے میں نیرج نے پہلے 83.54 میٹر کی تھرو سے آغاز کیا۔ دوسری کوشش میں انہوں نے 88.05 میٹر کی تھرو کے ساتھ برتری حاصل کی، لیکن تھارنگا نے 88.14 میٹر کی کوشش کرکے دوبارہ سبقت حاصل کرلی۔ نیرج کی تیسری تھرو 83.72 میٹر رہی، چوتھی کوشش فاؤل ہوئی، جبکہ انہوں نے پانچویں کوشش چھوڑ دی اور چھٹی میں 82.15 میٹر کی تھرو کی۔
لوزان ڈائمنڈ لیگ 2026 کے سیزن میں نیرج کا تیسرا مسابقتی ایونٹ تھا۔ انہوں نے دوحہ ڈائمنڈ لیگ میں چوتھی پوزیشن حاصل کی اور گزشتہ ماہ گلاسگو کامن ویلتھ گیمز میں تھارنگا کے پیچھے چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔ لوزان میں 88.05 میٹر کی تھرو سیزن کی ان کی بہترین کارکردگی رہی۔نیرج نے لوزان میں اس سے قبل 2022 اور 2023 میں کامیابی حاصل کی تھی، جبکہ 2024 میں وہ دوسرے مقام پر رہے تھے۔ گزشتہ سال دوحہ ڈائمنڈ لیگ میں 90.23 میٹر کی تھرو کے ساتھ قائم کیا گیا ان کا قومی ریکارڈ اب بھی برقرار ہے۔