بھوپال، 8 جون: بھوپال میونسپل کارپوریشن کے تجاوزات ہٹاؤ دستے نے شہر کے مختلف حصوں میں غیر قانونی قبضوں کے خلاف اپنی مہم جاری رکھتے ہوئے بڑے پیمانے پر کارروائی کی ہے۔ یہ کارروائی سی ایم ہیلپ لائن اور میئر ہیلپ لائن پر موصول ہونے والی عوامی شکایتوں کے ازالے اور کارپوریشن کی باقاعدہ مہم کے تحت کی گئی۔ کارپوریشن کے عملے نے ضلع انتظامیہ اور پولیس فورس کے تعاون سےرائسین روڈ پر موجود 69 جھونپڑیوں اور 70 دکانوں کے تجاوزات کو منہدم کر دیا۔
میونسپل کارپوریشن کمشنر سنسکرتی جین کی ہدایت پر ہفتہ کے روز کولار چونا بھٹی، سرو دھرم، جے کے ہاسپیٹل، ایم پی نگر، شاہپورا، بٹن مارکیٹ، اور ائیرپورٹ روڈ سمیت متعدد علاقوں میں کارروائی کی گئی۔ اس مہم کے دوران ٹریفک میں رکاوٹ بننے والے ٹھیلوں، غیر قانونی شیڈز، خیموں اور گاڑیوں کو ہٹایا گیا، جبکہ لوہے کے پائپ، اسٹول اور فریموں سمیت بھاری سامان بھی ضبط کیا گیا۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران اور پولیس فورس مستعدی سے تعینات رہی۔








