بھوپال:24؍جولائی:ریاست کے سرکاری اسکولوں میں منعقد گرو پورنیماپکھواڑے کے تحت جمعہ کو ’ایک گروایک درخت ‘مہم کے تحت ریاست بھر میں 40 ہزار سے زیادہ پودے لگائے گئے۔ اس کے ساتھ ہی طلبہ نے اپنے گروؤں کے احترام میں پودے لگا کر ماحول کے تحفظ اور سرسبز مستقبل کی تعمیر کا عزم لیا۔اسکول احاطوں اور آس پاس منعقد شجرکاری پروگراموں میں طلبہ، اساتذہ اور اسکول خاندان نے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔ مہم کے ذریعے گروشاگرد روایت کے احترام کے ساتھ قدرت کے تحفظ کا پیغام بھی مؤثر طور پر عام کیا گیا۔قابلِ ذکر ہے کہ اسکول ایجوکیشن محکمہ، تعلیمات عامہ ڈائریکٹوریٹ مدھیہ پردیش کی جانب سے ریاست کے سرکاری اسکولوں میں تعلیم حاصل کر رہے طلبہ کی ہمہ جہت ترقی، بھارتی ثقافتی اقدار کے فروغ اور گروشاگرد روایت کو مضبوط بنانے کے مقصد سے تعلیمات عامہ ڈائریکٹوریٹ کے ذریعے گرو پورنیما پکھواڑے کا انعقاد کیا گیا ہے۔ مختلف قسم کی سرگرمیوں کے ذریعے طلبہ کو بھارتی ثقافتی روایات، اخلاقی اقدار اور گرو کے تئیں احترام کے جذبے سے جوڑنے کے ساتھ ساتھ اسکولوں میں اقدار پر مبنی اور مثبت تعلیمی ماحول کو بھی فروغ دیا جائے گا۔









