بھوپال 2 اکتوبر:وزیراعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا ہے کہ وزیراعظم مسٹر نریندر مودی کی قیادت میں ہندوستان کی جمہوریت پوری دنیا میں اپنی منفرد شناخت بنا رہی ہے۔ مہاتما گاندھی کے سوَدیشی اور خود کفالت کے خیالات کو آگے بڑھاتے ہوئے ملک میک اِن انڈیا اور میڈ اِن انڈیا کے ذریعے خود کفیل ہندوستان کے عزم کو عملی شکل دے رہا ہے۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو، گاندھی جینتی کے موقع پر کشابھاؤ ٹھاکرے انٹرنیشنل کنونشن سینٹر احاطے میں بابائے قوم مہاتما گاندھی کے مجسمے پر گلہائے عقیدت پیش کرنے کے بعد موجود عوام سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے سابق وزیراعظم اور بھارت رتن سے سرفراز آنجہانی لال بہادر شاستری کی یوم پیدائش پر اولڈ اسمبلی چوراہے پر واقع ان کے مجسمے پر بھی گلہائے عقیدت پیش کرکے خراج عقیدت ادا کیا۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ یہ خوش بختی اور فخر کی بات ہے کہ آج ہم ملک کی آزادی کے 2 عظیم ہیروز کی یوم پیدائش منا رہے ہیں۔ مہاتما گاندھی نے سوَدیشی، خود کفالت اور قوم کی تعمیر کا پیغام دیا، وہیں آنجہانی لال بہادر شاستری نے سادگی، ایمانداری اور ملک کی خدمت کے مثالی اصول قائم کیے۔ ان عظیم شخصیات کے خیالات آج بھی ملک کو آگے بڑھنے کی ترغیب دیتے ہیں۔
وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ طویل عرصے تک ملک میں رہنے والی ایک سیاسی جماعت کی حکومت کے دوران انگریزوں کی سوچ اور ان کے نظام کی وراثت کو آگے بڑھایا گیا۔ آج وزیراعظم مسٹر مودی کی قیادت میں سوَدیشی کو فروغ دے کر ملک کو خود کفیل بنانے کی سمت مسلسل کوششیں کی جا رہی ہیں۔ وزیراعظم مسٹر مودی نے سوَدیشی کے جذبے کے ساتھ ملک کی نئی پارلیمنٹ تعمیر کرائی ہے۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے ہندوستانی نڑاد کیپٹن سمت مچھّار کی بہادری اور انسانی جذبے کی کھلے دل سے ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ مسافر طیارے میں اسرائیلی مسافروں کی جان بچانے کے لیے کیپٹن سمت نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر بے مثال بہادری کا مظاہرہ کیا۔ ان کا یہ عمل انسانیت، فرض شناسی اور شجاعت کی بہترین مثال ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کیپٹن سمت نے مسافروں کی جان بچانے کے ساتھ دہشت گردوں کے ناپاک منصوبوں کو ناکام بنانے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ ان کے اس قابل فخر اور بہادرانہ عمل سے تمام ہندوستانیوں کا سر فخر سے بلند ہوا ہے۔ وزیراعظم مسٹر مودی نے بھی ملک کے عوام کی جانب سے کیپٹن سمت مچھّار کو مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ و تعاون مسٹر شاہ 3 اکتوبر کو مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال تشریف لا رہے ہیں۔ اس دوران ریاست میں گوپالک کانفرنس کے ذریعے دودھ کی پیداوار کو فروغ دینے کے ساتھ آئیسر (انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف سائنس ایجوکیشن اینڈ ریسرچ) کے ذریعے ہماری نوجوان نسل کی ہنرمندی کی ترقی کی حوصلہ افزائی ہوگی۔ بھوپال کے بھوری واقع آئیسر کے مرکزی احاطے میں سوامی وویکانند کے مجسمے کی نقاب کشائی سمیت مختلف ترقیاتی کاموں کی سوغات ریاست کو ملے گی۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ وزیراعظم مسٹر مودی کی رہنمائی اور مرکزی وزیر داخلہ و تعاون مسٹر امیت شاہ کی قیادت میں مدھیہ پردیش نکسل ازم سے پاک ہوا ہے۔ ہماری ریاست اب منشیات سے پاک ہونے کی سمت آگے بڑھ رہی ہے۔