ممبئی2اکتوبر: شیوسینا (یو بی ٹی) کے رہنما اور راجیہ سبھا رکن سنجے راؤت نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو بھارت رتن دینے کی تجویز پر سخت تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ گیانیش کمار کو ملک کا اعلیٰ ترین شہری اعزاز دینے کی بات کر رہے ہیں، عوام انہیں سزا دے گی۔ راؤت نے یہ بیان نیشنلسٹ سٹیزنز پارٹی آف انڈیا (این سی پی آئی) کی جانب سے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر چیف الیکشن کمشنر کو بھارت رتن دینے کا مطالبہ کیے جانے کے تناظر میں دیا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے سنجے راؤت نے کہا کہ جو لوگ گیانیش کمار کو بھارت رتن دینے کی بات کر رہے ہیں، انہیں عوام جوتوں سے مارے گی۔ انہوں نے چیف الیکشن کمشنر کے خلاف انتہائی سخت زبان استعمال کرتے ہوئے انہیں ملک کا غدار، ملک کا سب سے بڑا دشمن اور جمہوریت کا قاتل قرار دیا۔ راؤت نے مزید کہا کہ اگر کوئی ایسے شخص کو ملک کا اعلیٰ ترین اعزاز دینے کی بات کر رہا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ ملک کی حکمراں جماعت کے اندر ہٹلر کی روح آ گئی ہے۔ این سی پی آئی نے حال ہی میں وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو بھارت رتن دینے کا مطالبہ کیا تھا۔ پارٹی کی جانب سے یہ مطالبہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب اپوزیشن کی متعدد جماعتیں اور رہنما الیکشن کمیشن کے طریقہ کار اور انتخابی عمل سے متعلق سوالات اٹھاتے رہے ہیں۔ دریں اثنا، سنجے راؤت نے گیانیش کمار کے خلاف احتجاج کی اجازت نہ ملنے پر بھی حکومت کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو احتجاج کی اجازت دینی چاہیے تھی۔ راؤت نے کہا کہ یہ معاملہ کسی فرد کی ذاتی لڑائی نہیں بلکہ ملک کی جمہوریت کے لیے جاری جدوجہد کا حصہ ہے۔









