احمدآباد18جولائی: گجرات کے احمد آباد میں ہفتہ (18 جولائی) کو غیر قانونی طور پر چلنے والی پٹاخوں کی ایک فیکٹری میں ہولناک دھماکہ ہو گیا۔ یہ حادثہ رامول- گاتراڈ روڈ نہر کے کنارے کھلے میدان میں چلنے والی ایک یونٹ میں پیش آیا۔ دھماکہ اتنا زوردار تھا کہ آس پاس کے علاقے میں افراتفری مچ گئی۔ پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر 2 افراد کی موت کی اطلاع ملی تھی، لیکن امدادی اور بچاؤ کی کارروائی آگے بڑھنے پر ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 8 ہو گئی۔ اس حادثے میں 8 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں، جنہیں علاج کے لیے قریبی اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔ فائر بریگیڈ اور بچاؤ کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پا لیا۔ افسران نے بتایا کہ فی الحال صورتحال قابو میں ہے۔ پولیس نے کہا کہ فیکٹری غیر قانونی طور پر چلائی جا رہی تھی۔ اس معاملے میں غیر ارادتاً قتل سے متعلق دفعات اور دھماکہ خیز مواد ایکٹ کے تحت معاملہ درج کیا جائے گا۔ دھماکے کی وجوہات کا پتہ لگانے اور حفاظتی قوانین کی خلاف ورزی کی جانچ کے لیے فارنزک سائنس لیبارٹری (ایف ایس ایل) سمیت دیگر تحقیقاتی اداروں کی ٹیموں کو موقع پر بلایا گیا ہے۔ جوائنٹ پولیس کمشنر جے پال سنگھ راٹھور نے بتایا کہ پولیس، احمد آباد میونسپل کارپوریشن اور 108 ایمبولینس سروس کی ٹیموں نے فوری طور پر امدادی اور بچاؤ کی کارروائی شروع کی۔ زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ اب تک 8 افراد کی موت کی تصدیق ہو چکی ہے۔
جبکہ 8 سے زائد افراد زخمی ہیں۔ کچھ زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔









