نئی دہلی 18جولائی: رکن پارلیمنٹ اور ممتا بنرجی کے بھتیجے ابھیشیک بنرجی کے غیر قانونی طور پر تعمیر شدہ دفتر کو منہدم کیا جا رہا ہے۔ اس 5 منزلہ دفتر کو گرانے کے لیے 3 بلڈوزر کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ یہ دفتر جنوبی 24 پرگنہ کے امتالا-باروئی پور روڈ پر واقع ہے۔ انتظامیہ نے اس عمارت کو توڑنے کے لیے پہلے بھی نوٹس جاری کیے تھے، لیکن اس پر ابھیشیک بنرجی کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیا گیا۔ اس کے بعد ہفتہ (18 جولائی) کو انتظامیہ نے اس عمارت کو مسمار کرنے کی کارروائی شروع کر دی ہے۔ ترنمول کانگریس کے نیشنل جنرل سکریٹری اور ڈائمنڈ ہاربر کے رکن پارلیمنٹ ابھیشیک بنرجی کے ایم پی دفتر کو غیر قانونی تعمیر کے الزام میں مسمار کرنے کی کارروائی شروع ہونے کے بعد سیاسی تنازعہ بڑھ گیا ہے۔ اس عمارت کے سامنے جیسے ہی صبح سویرے بلڈوزر پہنچا، مقامی لوگوں کا ہجوم وہاں جمع ہو گیا۔ اس دوران بی جے پی کارکنان اور ٹی ایم سی کارکنان بھی وہاں جمع ہو گئے۔ صورتحال کشیدہ ہوتے دیکھ کر انتظامیہ کو مزید سیکورٹی اہلکار بلانے پڑے۔ ہندی نیوز پورٹل ’آج تک‘ پر شائع خبر کے مطابق سیکورٹی کے نقطہ نظر سے یہاں بڑی تعداد میں پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ اس سے قبل انتظامیہ نے ایک نوٹس چسپاں کر الزام عائد کیا تھا کہ یہ عمارت بغیر منظوری کے تعمیر کی گئی تھی۔ اسمبلی انتخابات کے نتائج کا اعلان ہونے کے بعد سے یہ دفتر بند تھا۔ ضلعی انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ یہ دفتر غیر قانونی طور پر بنایا گیا تھا۔ یہ دفتر کسی بھی دستاویز کے بغیر تعمیر کیا گیا تھا۔ دفتر کی تعمیر سے متعلق کوئی بھی قانونی دستاویز پیش نہیں کی جا سکی۔









