بھوپال:13؍اکتوبر:مدھیہ پردیش پولیس کی جانب سے ریاست میں منشیات کی اسمگلنگ اور غیر قانونی کاروبار پر مؤثر روک لگانے کے لیے مسلسل کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ اسی سلسلے میں شہڈول پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ٹرک سے 735 کلو 440 گرام گانجا، ٹرک اور موبائل فون سمیت تقریباً 1 کروڑ 13 لاکھ روپے کی املاک ضبط کی ہیں۔ یہ کارروائی پولیس سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سنجے کمار اگروال کی ہدایت پر جے سنگھ نگر تھانے کی پولیس نے انجام دی۔13 اکتوبر کی رات گشت کے دوران جے سنگھ نگر تھانے کی پولیس نے ایک مشتبہ ٹرک کو روک کر اس کے ڈرائیور اور کلینر سے پوچھ تاچھ کی۔ شبہ ہونے پر گاڑی کی باقاعدہ تلاشی لی گئی تو ٹرک میں رکھی 18 بوریوں اور 81 پیکٹوں سے مجموعی طور پر 735 کلو440 گرام گانجا برآمد ہوا، جسے قانونی طریقہ کار کے مطابق ضبط کر لیا گیا۔اس کے ساتھ ہی ٹرک اور تین موبائل فون بھی ضبط کیے گئے ہیں۔ پولیس نے ٹرک کے ڈرائیور اور کلینر دونوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ دونوں ملزمان اتر پردیش اور جھارکھنڈ کے رہنے والے ہیں۔اس معاملے میں جے سنگھ نگر تھانے میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔مدھیہ پردیش پولیس کی جانب سے منشیات کی اسمگلنگ اور غیر قانونی فروخت کے خلاف مسلسل نگرانی رکھی جا رہی ہے اور مؤثر قانونی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔









