بھوپال، 14 نومبر: قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی کی جانب سے وزیر اعظم نریندر مودی پر فون ٹیپنگ کرانے کے الزامات کے تناظر میں مدھیہ پردیش مہیلا کانگریس نے ہفتہ کو راجدھانی بھوپال میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر مہیلا کانگریس کی ریاستی صدر رینا بوراسی نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اگر ملک میں لیڈر حزبِ اختلاف کا فون محفوظ نہیں ہے تو عام خواتین کی رازداری اور ذاتی آزادی کے تحفظ کی کیا ضمانت رہ جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فون ٹیپنگ کا معاملہ ہر شہری کی نجی زندگی سے جڑا ہوا ہے، اس لیے ان الزامات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جانی چاہیے۔
ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے رینا بوراسی نے مزید کہا کہ راہل گاندھی کی جانب سے کئی مرتبہ براہِ راست مباحثے کا چیلنج دیے جانے کے باوجود وزیر اعظم نریندر مودی سامنے آنے سے گریز کر رہے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ مہیلا کانگریس اس معاملے پر مرکزی حکومت سے جواب طلب کرنے کے لیے اس تحریک کو ریاست کے ہر ضلع تک لے جائے گی اور مختلف اضلاع میں احتجاجی مظاہرے منظم کیے جائیں گے۔









