15 نومبر کا دن نہ صرف قبائلی سماج بلکہ پورے ہندوستان کے لیے خودداری، ناقابلِ تسخیر حوصلے اور حب الوطنی کو یاد کرنے کا دن ہے۔ آج دھرتی آبا (زمین کے باپ) اور اْلگْلان (عظیم بغاوت) کے بانی بھگوان برسا منڈا جی کا یومِ پیدائش ہے۔ اس مبارک موقع پر میں مدھیہ پردیش کے تمام 8 کروڑ عوام کی جانب سے قبائلی ہیروز کے قدموں میں عقیدت کے ساتھ اپنا سر جھکاتا ہوں۔
بھگوان برسا منڈا محض ایک نام نہیں، بلکہ ایک نظریہ ہیں۔ انہوں نے انتہائی کم عمری میں انگریزوں کی جابرانہ پالیسیوں اور استحصالی نظام کے خلاف جو ’’اْلگْلان‘‘ (انقلاب) شروع کیا، اس نے ملک کی آزادی کی بنیاد کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ جل، جنگل اور زمین پر قبائلی سماج کے حقوق کے تحفظ کے لیے ان کی جدوجہد آج بھی ہم سب کو قومی خدمت اور اپنے حقوق کے تئیں بیدار رہنے کی ترغیب دیتی ہے۔
مدھیہ پردیش قبائلی ثقافت اور عظمت و وقار کا مرکز رہا ہے۔ یہ ملک کی سب سے بڑی قبائلی آبادی والی ریاست ہے۔ ہمارے لیے بھگوان برسا منڈا جی کا یومِ پیدائش منانا محض ایک رسمی تقریب نہیں، بلکہ اپنی جڑوں سے جڑنے اور قبائلی بھائیوں اور بہنوں کی زندگی کو بہتر بنانے کا ایک قومی عزم ہے۔
محترم وزیر اعظم مسٹر نریندر مودی جی نے 15 نومبر کو ’’جن جاتیہ گورو دیوس‘‘ (قبائلی یومِ عظمت و افتخار) کے طور پر منانے کی تاریخی شروعات کی تھی۔ مدھیہ پردیش کو یہ اعزاز حاصل ہوا تھا کہ اس تاریخی فیصلے کا گواہ اور علمبردار ہماری ریاست بنی۔
ہماری حکومت کا واضح موقف ہے کہ جب تک ہمارا قبائلی سماج سماجی اور معاشی طور پر مضبوط نہیں ہوگا، تب تک مدھیہ پردیش کی مکمل ترقی کا تصور ادھورا رہے گا۔ اسی سمت میں ریاستی حکومت مسلسل کئی تاریخی اقدامات کر رہی ہے۔
ہم نے ریاست میں پیسا قانون نافذ کرکے قبائلی سماج کو جل، جنگل اور زمین سے متعلق فیصلے کرنے میں خودمختار اور بااختیار بنایا ہے۔ اب گاؤں کی گرام سبھاؤں (دیہی مجالس) کو اپنے وسائل کا انتظام کرنے کا مکمل اختیار حاصل ہے۔
قبائلی علاقوں میں معیاری تعلیم کی سہولت پہنچانے کے لیے ایکلویہ آدرش رہائشی اسکولوں کا سلسلہ قائم کیا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی سکل سیل انیمیا جیسی سنگین بیماری کے خاتمے کے لیے خصوصی مہم چلائی گئی ہے، جس کے تحت لاکھوں قبائلی بھائیوں اور بہنوں کی صحت کی جانچ کرکے انہیں علاج کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
بھگوان برسا منڈا خود روزگار اسکیم اور ٹنٹیا ماما اقتصادی بہبود اسکیم جیسی پہل کے ذریعے قبائلی نوجوانوں کو اپنے پیروں پر کھڑا ہونے کے لیے مالی امداد اور تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔
ٹنٹیا بھیل، بھیما نائک، راجہ شنکر شاہ، کنور رگھوناتھ شاہ اور رانی درگاوتی جیسی عظیم شخصیات کی قربانیوں اور خدمات کو عوام تک پہنچانے کے لیے ان کی یادگاریں اور عجائب گھر تعمیر کیے گئے ہیں اور ثقافتی ورثے کا تحفظ کیا گیا ہے۔
بھگوان برسا منڈا جی نے جس خوشحال، خود کفیل اور خوددار سماج کا خواب دیکھا تھا، اسے حقیقت میں تبدیل کرنا ہی ہماری حکومت کا بنیادی مقصد ہے۔
آئیے، اس قبائلی یومِ عظمت و افتخار کے موقع پر ہم سب مل کر یہ عہد کریں کہ اپنے قبائلی سماج کی عظمت، اس کے ثقافتی ورثے اور اس کے حقوق کے تحفظ کے لیے مسلسل کام کرتے رہیں گے۔
جئے ہند! جئے مدھیہ پردیش! جئے جوہار









