نئی دہلی 22اگست: لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی آج مہاراشٹر کے پونے شہر میں طالبات اور جین-زی خواتین کے ساتھ ’چھاتروں کی گونج‘ پروگرام میں شرکت کرنے والے ہیں۔ اس تقریب میں وہ جین-زی خواتین کو اپنی مشکلات اور مسائل سامنے رکھنے کا موقع دیں گے۔ کوٹا، دہرادون اور پریاگ راج کے بعد پونے چوتھا شہر ہے جہاں ’چھاتروں کی گونج‘ مہم کے تحت اسٹوڈنٹس کے مسائل سامنے رکھے جائیں گے۔ اس پروگرام سے عین قبل کانگریس نے پونے میں ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا جس میں کچھ اہم باتیں سامنے رکھی گئیں۔ کانگریس میڈیا و پبلسٹی ڈپارٹمنٹ کے سربراہ پون کھیڑا نے اس پریس کانفرنس کو خطاب کیا جس میں مرکز کی موجودہ مودی حکومت کو خاص طور سے نشانے پر لیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’آج پورے ملک مین طلبا و نوجوانوں میں غصہ ہے۔ ابتدا میں یہ ہوا کہلاتی ہے، لیکن بعد میں یہ طوفان بن جاتا ہے۔ اب اس طوفان کی سرگوشی پونے میں سنائی دے رہی ہے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’بی جے پی حکومت کو خواتین کا ووٹ تو چاہیے، لیکن جب پالیسی طے کرنے کی بات ہوتی ہے تو یہ خواتین کو نظر انداز کر دیتے ہیں۔ ہم نے یہ سازش خواتین ریزرویشن بل کے ساتھ سرعام دیکھی ہے، کیونکہ بل پاس ہونے کے بعد بھی بی جے پی الگ الگ پہلوؤں کے پیچھے چھپ رہی ہے، لیکن اسے نافذ نہیں کر رہی۔‘‘