تہران9اکتوبر:ایران کی خواتین اب امریکی فوجیوں کا تنہا مقابلہ کرنے کی تیاری کر رہی ہیں۔ وہ مختلف مقامات پر کندھے پر رکھ کر میزائل داغتی، ڈرون اڑاتی اور کئی خطرناک ہتھیار ایک ہاتھ سے چلاتی دکھائی دے رہی ہیں۔ یہ تیاریاں ایران کے دل میں گھر کر جانے والے ایک خوف کے باعث کی جا رہی ہیں۔ ایرانی پاسدارانِ انقلاب کو خدشہ ہے کہ امریکہ کسی بھی دن اپنے فوجیوں کو زمینی حملے کے لیے ایران بھیج سکتا ہے۔ ایسی صورت میں امریکی فوجیوں کو شہروں کی گلی گلی میں خواتین ہتھیار اٹھائے کھڑی ملیں گی۔ ایران اب ملک کی خواتین اور کم عمر نوجوانوں کو براہِ راست محاذ پر اتارنے کے لیے فوجی تربیت دے رہا ہے۔
ایرانی سرکاری میڈیا کی جانب سے جاری کردہ تصاویر اور ویڈیوز نے دنیا بھر کے دفاعی ماہرین کو حیران کر دیا ہے۔ ان تصاویر میں ایرانی خواتین کندھے پر رکھ کر داغے جانے والے میزائلوں ، اسالٹ رائفلوں اور جنگی ڈرونز کے ساتھ فوجی مشقیں کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔ ایرانی سرکاری میڈیا کی جانب سے پیر کو جاری کردہ رپورٹس کے مطابق، ملک کے کئی بڑے شہروں میں خواتین کے لیے خصوصی فوجی تربیتی کیمپ چلائے جا رہے ہیں۔
اس مہم کو ’جان فدا‘ یعنی خود کو قربان کرنے کی مہم کا نام دیا گیا ہے۔









