رائسین:23؍نومبر(پریس ریلیز) مدھیہ پردیش کے تاریخی مقام سانچی میں آئندہ 28 اور 29 نومبر کو منعقد ہونے والے دو روزہ مہابودھی مہوتسو میں شرکت کے لیے وزیرِ اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو کو باضابطہ دعوت دی گئی۔ اس سلسلے میں ولبھ بھون بھوپال میں وزیرِ اعلیٰ سے ملاقات کرکے انہیں مہوتسو کا دعوت نامہ پیش کیا گیا۔
اس موقع پر ریاستی بی جے پی نائب صدر اور سانچی کے رکنِ اسمبلی ڈاکٹر پربھورام چودھری نے مہابودھی سوسائٹی آف سری لنکا کے صدر پوجنیہ وانگل اُپتسّا نایک تھیرو جی اور دیگر نمائندوں کے ہمراہ وزیرِ اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو سے ملاقات کی اور انہیں اس بین الاقوامی ثقافتی تقریب میں شرکت کی دعوت دی۔قابلِ ذکر ہے کہ مدھیہ پردیش حکومت کے محکمہ ثقافت کی جانب سے ضلع انتظامیہ رائے سین اور مہابودھی سوسائٹی آف سری لنکا کے تعاون سے سانچی کے بدھ جمبودویپ پارک میں اس دو روزہ مہوتسو کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس تقریب میں بدھ مت کے فلسفے، فن، موسیقی، رقص اور ادب کا خوبصورت امتزاج دیکھنے کو ملے گا۔ مہوتسو کے دوران سری لنکا اور جاپان کے فنکار اپنی روایتی تہذیب و ثقافت پر مبنی دلکش فنکارانہ پیشکشیں پیش کریں گے۔
اس مہوتسو کے انعقاد کا بنیادی مقصد بھگوان گوتم بدھ کے امن، رحم دلی، باہمی محبت، دوستی اور انسانیت کے پیغام کو عام کرنا اور بدھ مت کی قدیم تہذیب، ثقافت اور فلسفے کے عظیم ورثے کو فروغ دینا ہے۔
اس موقع پر بھنتے جی سمیت مہابودھی سوسائٹی آف سری لنکا کے دیگر نمائندے بھی موجود رہے۔