ویلنگٹن23نومبر: ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا ہو گیا ہے۔ ٹیسٹ کے پانچویں دن نیوزی لینڈ کے بلے باز بیسن ریزرو کے میدان پر ٹیم کو شکست سے بچانے میں کامیاب رہے۔ پانچویں دن گلین فلپس اور ڈیرل مچیل کی جوڑی نے 258 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے چھٹے وکٹ کے لیے 63 رنز کی ناٹ آؤٹ شراکت داری نبھائی اور ہندوستان کو سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرنے سے روکا۔ مچیل 186 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 49 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ فلپس 126 گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد 26 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ٹیسٹ کے پانچویں دن پہلے سیشن میں نیوزی لینڈ ڈیون کانوے (65 رنز) کا بڑا وکٹ گنوایا۔ اس کے بعد رچن رویندر 129 گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد ٹام بلنڈیل نے ڈیرل مچیل کے ساتھ مل کر پانچویں وکٹ کے لیے 102 گیندوں میں 37 رنز جوڑے۔ بلنڈیل کو 15 رنز کے اسکور پر انشل کمبوج نے پویلین بھیجا۔ اس کے بعد ڈیرل مچیل اور گلین فلپس نے محاذ سنبھالا اور کریز پڑ ڈٹ کر کھڑے ہو گئے اور انہوں نے دوسرے اور پھر تیسرے سیشن میں نیوزی لینڈ کا ایک بھی وکٹ نہیں گرنے دیا۔ ہندوستانی گیند باز آخری 2 سیشن میں صرف ایک وکٹ حاصل کر سکے۔
دوسری اننگ میں نیوزی لینڈ نے 120 اوورز تک بلے بازی کی اور 5 وکٹ کے نقصان پر 239 رنز بنائے۔ ہندوستان کی جانب سے دوسری اننگ میں گیندبازی کرتے ہوئے پرسدھ کرشنا نے 2، جسپریت بمراہ، انشل کمبوج اور واشنگٹن سندر نے 1-1 وکٹ حاصل کیا۔ نیوزی لینڈ نے پہلی اننگ میں 368 رنز بنائے تھے۔ ٹیم کی جانب سے ہینری نکولس نے ناٹ آؤٹ 175 اور گلین فلپس نے 118 رنز کی شاندار اننگ کھیلی تھی۔ اس کے جواب میں ہندوستانی بلے بازوں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 9 وکٹ کے نقصان پر 720 رنز بنانے کے اپنی اننگ ڈکلیئر کر دی۔ ہندوستانی ٹیم نے پہلی اننگ کی بنیاد پر 352 رنز کی برتری حاصل کی تھی۔ ٹیم کی طرف سے کے ایل راہل (136 رنز) اور رشبھ پنت (128 رنز) نے بہترین اننگ کھیلی۔ ان دونوں کے علاوہ یشسوی جیسوال (85 رنز)، شبھمن گل (98 رنز)، دیودت پڈیکل (80 رنز) اور دھرو جوریل (78 رنز) نے نصف سنچریاں بنائیں۔