کولکاتا21جون: پرائم منسٹر نریندر مودی نے اتوار کے روز کولکاتا کے ریڈ روڈ سے 12ویں بین الاقوامی یوگا ڈے کی مرکزی تقریب کی قیادت کرتے ہوئے ملک اور دنیا بھر کے لوگوں کو مبارک باد پیش کی۔اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی یوگا ڈے اب صرف بھارت کا تہوار نہیں بلکہ پوری انسانیت کی صحت، توازن اور یکجہتی کی علامت بن چکا ہے۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں پی ایم مودی نے یوگا کو زندگی میں توازن پیدا کرنے کا سب سے مؤثر ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ متوازن خوراک، متوازن طرزِ زندگی اور متوازن نیند انسان کو ایسی کیفیت تک پہنچاتے ہیں جہاں یوگا دکھوں اور پریشانیوں کے خاتمے کا سبب بن جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ توازن ہی یوگا کی بنیاد ہے اور یہی زندگی کا بھی بنیادی اصول ہے۔ پی ایم مودی نے کہا کہ موجودہ دور میں زیادہ تر لوگ زندگی کے مختلف شعبوں میں عدم توازن کا شکار ہیں اور اس صورتحال سے نکلنے کے لیے انہیں سخت جدوجہد کرنا پڑ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ تیز رفتار طرز زندگی، ذہنی دباؤ اور روزمرہ کی مصروفیات نے انسان کے جسمانی اور ذہنی توازن کو متاثر کیا ہے، جس کے نتیجے میں مختلف مسائل جنم لے رہے ہیں۔ پی ایم مودی نے کہا کہ یوگا انسان کو متوازن انداز میں زندگی گزارنے کا فن سکھاتا ہے۔ یہ نہ صرف جسم کو درست طریقے سے استعمال کرنا سکھاتا ہے بلکہ صحت مند زندگی کو انسان کی فطرت کا حصہ بنا دیتا ہے۔انہوں نے زور دیا کہ یوگا کے ذریعے جسم، ذہن اور طرزِ زندگی میں ہم آہنگی پیدا کی جا سکتی ہے، جس سے انسان زیادہ صحت مند، پُرسکون اور مثبت زندگی گزار سکتا ہے۔ مودی نے کہا کہ یوگا آج بھارت کے ثقافتی ورثے کے ساتھ ساتھ ایک عالمی عوامی تحریک کی شکل اختیار کر چکا ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ یوگا کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں اور ایک صحت مند، متوازن اور باشعور معاشرے کی تعمیر میں اس کے کردار کو سمجھیں۔ ان کے مطابق یوگا نہ صرف جسمانی صحت بلکہ ذہنی سکون، جذباتی استحکام اور سماجی ہم آہنگی کو بھی فروغ دیتا ہے۔