کاکامی گاہارا: ایشیائی کھیلوں 2026 میں ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 44 سال کا انتظار ختم کر دیا۔ فائنل مقابلے میں ہندوستان نے چین کو 1-0 سے شکست دے کر طلائی تمغہ اپنے نام کر لیا۔ اس کامیابی کے ساتھ ہندوستانی ٹیم نے لاس اینجلس میں ہونے والے اولمپکس 2028 کے لیے بھی براہِ راست کوالیفائی کر لیا ہے۔ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم نے آخری مرتبہ ایشیائی کھیلوں میں طلائی تمغہ 1982 میں جیتا تھا۔ اس کے بعد ٹیم 1998 میں چاندی کا تمغہ حاصل کرنے میں کامیاب رہی، جبکہ 2018 میں بھی ہندوستان نے فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔ تاہم اس بار ٹیم نے فائنل میں چین کو شکست دے کر طویل انتظار ختم کر دیا۔ فائنل میں ہندوستانی ٹیم نے ابتدا ہی سے چین پر دباؤ بنانے کی کوشش کی۔ ہندوستان نے مسلسل حملے کیے اور دسویں منٹ میں اسے اس کا فائدہ بھی ملا۔ اپنا 200واں بین الاقوامی میچ کھیل رہی لالریمسیامی نے شاندار گول کرکے ہندوستان کو 1-0 کی برتری دلا دی۔اس سے قبل چھٹے منٹ میں ہندوستان کی بلجیت کور کو گرین کارڈ ملا تھا، لیکن ٹیم نے اس صورتحال سے خود کو سنبھال لیا۔ گول کرنے کے بعد ہندوستان کے پاس اپنی برتری دوگنی کرنے کا موقع بھی آیا، لیکن پینلٹی کارنر کو گول میں تبدیل نہیں کیا جا سکا۔ اس کے باوجود ہندوستانی دفاع نے مضبوط کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے کوارٹر میں چین کو برابر ی کا موقع نہیں دیا۔تیسرے کوارٹر میں بھی ہندوستان نے اپنی ایک گول کی برتری برقرار رکھی۔ اس دوران کپتان سلیمہ ٹیٹے کے زخمی ہونے سے ہندوستان کو کچھ دیر کے لیے تشویش کا سامنا کرنا پڑا، لیکن ٹیم نے دفاعی نظم و ضبط برقرار رکھا اور چین کو برابری کا موقع نہیں دیا۔چوتھے کوارٹر میں سلیمہ ٹیٹے دوبارہ میدان میں واپس آئیں۔ ان کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم نے چین کے حملوں کا مضبوطی سے مقابلہ کیا اور آخری سیٹی تک اپنی 1-0 کی برتری برقرار رکھی۔اس طرح ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم نے 44 سال بعد ایشیائی کھیلوں میں طلائی تمغہ جیت کر تاریخ رقم کر دی۔ ساتھ ہی اس کامیابی نے ٹیم کے لیے اولمپکس 2028 کی راہ بھی براہِ راست ہموار کر دی ہے۔









