بھوپال، 20 مئی (یواین آئی ) ہندوستان کی انڈر 18 خواتین ہاکی ٹیم نے سیریز کے چوتھے اور آخری مقابلے میں کینگروز کے خلاف جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو 4-1 سے شکست دے دی۔ اگرچہ آسٹریلیا نے یہ سیریز 3-1 سے اپنے نام کر لی ہے، لیکن آخری میچ میں ہندوستان کی اس بڑی جیت نے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند کر دیے ہیں۔
بھوپال کے ادھو داس مہتا (بھائی جی) سنٹرل سائی مرکز میں کھیلے گئے اس سنسنی خیز مقابلے کا آغاز آسٹریلیا کے حق میں رہا۔ کھیل کے 8 ویں منٹ میں آسٹریلوی کھلاڑی آرورا کوواسیوچ نے شاندار گول داغ کر اپنی ٹیم کو سبقت دلائی۔تاہم، ہندوستانی شیرنیوں نے ہمت نہ ہاری اور جوابی وار کرنے میں دیر نہیں لگائی۔ کپتان سویٹی کجور نے 13 ویں منٹ میں گول کر کے اسکور برابر کر دیا۔ کھیل کے 25 ویں منٹ میں دیا نے گیند کو جال کی راہ دکھا کر ہندوستان کو 2-1 کی برتری دلا دی۔
ہندوستانی ٹیم کا غلبہ برقرار رہا اور 44 ویں منٹ میں پرینکا منج نے تیسرا گول کر کے حریف ٹیم کو مزید دباؤ میں ڈال دیا۔50 ویں منٹ میں نوشین ناز نے آخری کیل ٹھونکتے ہوئے اسکور 4-1 کر دیا اور ہندوستان کی جیت پر مہر ثبت کر دی۔
یہ چار میچوں کی سیریز ہندوستانی ٹیم کے لیے ایک ‘ایکسپوزر ٹور’ کا حصہ تھی، جس کا مقصد کھلاڑیوں کو بین الاقوامی تجربہ فراہم کرنا تھا۔ اس بڑی جیت نے ہندوستانی ٹیم کے اعتماد میں اضافہ کیا ہے، جو رواں ماہ کے آخر میں جاپان میں شروع ہونے والے انڈر 18 ایشیا کپ میں اپنی مہارت کا جوہر دکھانے کے لیے تیار ہے۔









